مکہ مکرمہ پر میزائل حملہ اور اقوام متحدہ کا امتحان

Missile Attacks

Missile Attacks

تحریر : علی عمران شاہین
28 اکتوبر 2016 کی شب کرہ ارض کے کونے کونے میں لٹتی پٹتی ‘زخموں سے چور اور غموں سے رنجور مسلم دنیا نے سب سے بدترین خبر سنی کہ یمنی حوثی باغیوں نے صوبہ صعدہ سے مکہ مکرمہ پر میزائل داغا ہے۔ حملے کے ساتھ ہی سعودی ذرائع ابلاغ نے فوجی ذرائع سے بتاناشروع کیا کہ یہ بلیسٹک میزائل مکہ مکرمہ کی حدود سے 65 کلومیٹر دور تھاکہ اسے سعودی فضائی دفاعی نظام نے دیکھ لیا اور پھر یہ نظام فوری حرکت میں آیا، میزائل شکن سسٹم کی میزائل بیٹریوں سے جوابی پیڑیاٹ (Peteriot) میزائل فائر ہوا جس نے حوثی باغیوں کے میزائل کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ اس سب کے بعد سعودی فضائیہ نے سارے عمل کی ویڈیو جاری کر دی۔

سعودی میڈیا کے ساتھ عرب اور افریقی مسلم دنیا کے ذرائع ابلاغ سے اس خبر کاچرچا شروع ہوا،بیشترمسلم دنیا نے شدید غم وغصے کا اظہار شروع کیا تویمن کے حوثی باغیوں نے اپنے ترجمان محمدالبخیتی کے توسط سے بادل نخواستہ بیان جاری کیا کہ ان کانشانہ بیت اللہ یامکہ مکرمہ نہیں تھا، انہوں نے تومکہ مکرمہ سے 65 کلومیٹر کے فاصلے پرواقع جدہ کے شاہ عبدالعزیز ہوائی اڈے کونشانہ بنایا تھا۔ روئے زمین پر 1 ارب 70کروڑ مسلمان اور مسلم دنیا کی تنظیم اوآئی سی کے 58ارکان کی موجودگی میں بھی کوئی ایسی دلفگاراورشنیع حرکت کرے گاکہ وہ یوں مکہ مکرمہ میں بیت اللہ پرمیزائل داغے اور اس کا وجود پھربھی دنیاپرموجود و باقی رہے’شاید یہ تواس سے پہلے سوچابھی نہیں جا سکتا تھا۔افسوس صدافسوس…! کہ مسلم دنیااور اس کے پونے 2ارب ارکان اس قدربے حس و بے جان نکلے کہ پاکستان کے محض دوٹی وی چینلز نے واقعہ کے بعد ٹِکرز (خبرکی پٹیاں)چلاناشروع کیں لیکن تھوڑی ہی دیربعدوہ بھی غائب ہوگئیں، پھر وہ دن اور آج کا دن… کسی صحافی کی زبان سے اس بارے کوئی معمولی لفظ تک ادانہ ہوا۔کیایہ سبھی لوگ مسلمان ہیں اور کیاان سب کا قبلہ وکعبہ وہی ہے جس کی طرف میزائل داغا گیا ہے؟ حیرانی تو یہ ہے کہ اس حملے کی تصدیق آج کی اس دنیا کے انسانوں کے مرکز واشنگٹن سے بھی ہوئی ۔پھربھی سب نے منہ میں گھنگھنیاں ڈال رکھی ہیں۔پینٹاگون کی تصدیق کے بعد تو امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان مارک ٹونرنے مذمتی بیان جاری کیا،البتہ اس امریکہ نے مسلم دنیا اوراسلام وسعودی عرب کے ساتھ بغض و دشمنی میں اتنااضافہ ضرور کیاکہ” یمن کامعاملہ جنگ نہیں ‘مذاکرات سے حل کیا جانا چاہئیے۔” کون نہیں جانتاکہ امریکہ سعودی عرب کے خلاف کیاکچھ کر رہا ہے۔

ورلڈٹریڈ سنٹر کی تباہی کے 15سال بعدمقدمہ دائرکرنے اور کھربوں کے ہرجانے کی طلبی کے قانون جاسٹاکی منظوری تازہ ترین مثال ہے امریکہ اب ہرطرح سے سعودی عرب کے خلاف کھلے بندوں میدان میں اترا ہواہے ۔اس سب کے باوجود امریکہ اس میزائل حملے کی تردید یا اس پرخاموشی اختیار کرنے کی بجائے اس کی مذمت پرمجبورہوگیا۔اس کی سب سے بڑی اور بنیادی وجہ یہ بھی تھی کہ سعودی فضائی دفاعی نظام نے جس پیٹریاٹ میزائل بیٹری’ریڈار’فضائی سیارے اور دیگرمشاہداتی مشینری کے ذریعے حوثیوں کے میزائل کوتباہ کیاہے ‘وہ امریکہ سے ہی انتہائی مہنگے داموں خریدا گیاہے اور اس کے تمام ترنقشے’معلومات اورکام کی تفصیلات کے ایک ایک حرف کا ریکارڈ امریکہ کے پاس ہوتاہے۔ جب امریکیوں نے اپنے اس سسٹم سے نکلنے والے میزائل ‘اس کے نقشے اور دیگر تفصیلات کو سامنے رکھا توانہیں بھی صاف دکھائی دیا کہ حوثیوں کے میزائل کااصل ہدف حرمِ مکی ہی تھا۔سو امریکی اس سارے معاملے کی تردید کیاکرتے ‘ تصدیق کرنے اورساتھ ہی اس کی مذمت پر مجبور ہوگئے کہ اب کوئی راستہ بچاہی نہیں تھا۔

امریکہ کے بعدیورپی ومغربی دنیا کے کسی ملک نے سوائے برطانیہ کے اس خبر کو اس لیے اہمیت نہیں دی کہ ان کااس کے ساتھ کچھ لینا دینا ہی نہیں تھا۔یہ وہی امریکہ اور مغرب اور ان کا میڈیا ہے جو مکہ مکرمہ کے حوالے سے دلوں میں اس قدرکینہ اور نفرت پالے ہوئے ہیں کہ انہوں نے آج تک سعودی عرب اورمسلم دنیاکی جانب سے مکہ کے سپیلنگ Meccaکو Makkah کے ساتھ بدلنے کے اصرارکے باوجود قطعی طورپر تبدیل نہیں کیا۔ کوئی30سال پہلے اوآئی سی نے مکہ کے لیے انگریزی ہجےMeccaکو Makkah سے اس لیے تبدیل کیاتھاکہ اسی دنیانے اپنے ہاں شراب خانوں اور بدکاری کے اڈوں کے نام Mecca رکھ لیے تھے اور یہ لفظ انہی مقامات کے لیے آج بھی وہاں عام استعمال ہوتاہے۔سب کے سامنے ہے کہ دنیامیں جہاں کہیں بھی کسی مقام کانام تبدیل کیاجاتاہے تو ساراعالم اسے فوری قبول کرکے اس کو نئے نام اور سپیلنگ سے پکارناشروع کردیتا ہے۔ بھارت میں بمبئی کو ممبئیاور بنگلور کو منگلورو بنانے تک وہاں مثالیں ہرروز سامنے آتی رہتی ہیں ۔ بھارت میں مسلمانوں سے وابستہ نام خاص طورپر بدلے جاتے ہیں لیکن وہاں کبھی کسی نے کوئی حیل وحجت نہیں کی۔ یہ تومسلم دنیاکے دشموں کی باتیں لیکن حرم مکی پر میزائل حملے کے بعد جو بے حسی خود ہمارے ہاں دیکھنے کوملی’اس نے توزخموں پر نمک کا کردار ادا کیا۔

Yemen Rebels

Yemen Rebels

2015 کے ابتدامیں جب حوثی باغیوں نے یمنی دارالحکومت صنعاء کے بعد ساحلی شہر عدن پربھی قبضہ کرکے وہاں سے بھی حکومت کو بھاگنے پرمجبور کردیا تھاتوباغیوں نے کھل کر اعلان کیاتھا کہ وہ اگلے سال سعودی عرب پر قبضہ کرکے حج بیت اللہ سمیت تمام نظام اپنے قبضے میں لے لیں گے۔حوثی باغیوں کی یک لخت ابھری طاقت اور بدمعاشی دیکھ کر ہی سعودی عرب نے یمن کی حکومت کو پہلے اپنے ہاں جلاوطنی کی اجازت دی ‘وہیں عرب وافریقی مسلم ریاستیںساتھ ملاکر عسکری اتحاد تشکیل دیا۔اس کے بعد اقوام متحدہ سے منظوری لے کر جائز حکومت کی درخواست پراس کی بحالی کے لیے فوجی کارروائی کا آغاز کیا۔دنیاآج بھی حیران ہے کہ یہ کیسی باغی تحریک تھی جس نے آناً فاناً ایک طاقتورحکومت کو شکست فاش سے دوچار کردیا اور اس سے اس کاملک بھی چھین لیاتھا۔ یمن کی یہ حوثی باغی تحریک توعرصہ دراز سے ملک کے پہاڑی علاقوں میں سرگرم تھی لیکن اس کی طاقت اتنی کبھی نہیں رہی تھی کہ وہ پورے ملک توکجا’کسی چھوٹے بڑے شہر یاقصبے پر طاقت سے قبضہ جمالیتی۔ ان معمولی حیثیت کے باغیوں کو تومقامی قبائل نے ہی اپنے طورپر کافی حدتک نتھ ڈال رکھی تھی۔عالمی تجزیہ کاراور عسکری ماہرین حیران ہیں کہ حوثی باغی جن دورمار جدید ترین بلیسٹک میزائلوں کا استعمال کررہے ہیں’یہ میزائل تو یمن کی حکومت کے پاس بھی نہیں تھے کہ باغیوں نے مرکزی حکومت پرقبضہ کے وقت انہیں بھی اپنے کنٹرول میں لے لیاہو اور اب وہ انہیں استعمال کر رہے ہوں۔اس کی وجہ یہ ہے کہ یمن کی حکومت کا کوئی ایسادشمن ہی نہیں تھاجس کے لیے انہیں اس طرح کا اسلحہ اور سامان جنگ درکارہوتا۔ مکہ مکرمہ پر حومیزائل حملہ سے پہلے حوثیوں نے بلیسٹک میزائل سے ہی مکہ مکرمہ سے انتہائی نزدیک شہر طائف کے شاہ فہد ہوائی اڈے کونشانہ بنایا تھا۔

اس میزائل حملے کی تصدیق بھی حوثیوں کے ساتھ سعودی عرب نے کی تھی لیکن اس حملے پر سعودی عرب نے کسی خاص ردعمل کااظہارنہیں کیاتھا کیونکہ نشانہ واقعی طائف کاہی تھا نہ کہ حرم مکی’ حالانکہ طائف ہو یا جدہ یاوہ علاقہ جہاں اس بار حوثیوں کے میزائل کوتباہ کیا گیا’ سبھی اس مخصوص حدود میقات میں آتے ہیں جہاں داخلے سے پہلے عازمین حج وعمرہ زمین پر ہوں یا فضامیں’احرام باندھ کے ہی آگے بڑھتے ہیں۔اسی میقات کی حدود میں واقع طائف شہرپر حوثیوں نے پہلا میزائل داغا’ ان کے اس حملے سے کوئی جانی نقصان یا قابل ذکر تباہی نہ ہوئی کیونکہ میزائل ہدف سے تھوڑا ہی دور گراتھا۔ اس حملے پر سعودی عرب کی خاموشی سے فائدہ اٹھاکر اب کی بار حوثیوں نے روئے زمین کے مرکز اور عالم اسلام کے قلب وجگر پر حملہ کردیا۔یہاں یہ بات بھی قابل غور ہے کہ حوثی باغیوں نے اپنی وضاحت میں جس جدہ شہر اور اس کے شاہ عبدالعزیز ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے اور نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا ‘وہاںسے بھی مکہ مکرمہ صرف 65 کلومیٹر دورہے اور میزائل کافضائی سفر ان کے دعوے کے مطابق بھی مکہ مکرمہ کے قریب سے ہی گزرتا ہوا بنتا ہے۔ یعنی دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ ساتھ حوثیوں کی ہر تردید و وضاحت سے بھی یہ بات بخوبی عیاں ہوتی ہے کہ ان کا اصل ہدف تومکہ مکرمہ ہی تھا جس کے بارے وہ مذموم ارادوں کا کھلم کھلااظہار کرچکے ہیں۔

حوثی باغیوں نے خطے کی طاقتوں اور عالمی اسلام دشمن بدمعاشوںکی مدد و پشت پناہی سے اب جنگ کو باقاعدہ طورپر سعودی عرب کی جانب دھکیلا ہے۔ سعودی عرب پر بڑے بڑے سکڈ اور بلیسٹک میزائلوں سے حملے ہورہے ہیں اور سب خاموش ہیں۔20نومبر2016ء کوسعودی عرب میں مسلم ممالک کی تنظیم اوآئی سی کااجلاس منعقد ہوا جس میں ایک بارپھر اس قبیح ترین حرکت کی متفقہ مذمت کے ساتھ ساتھ اس معاملے کو اقوام متحدہ میں اٹھانے کا فیصلہ کیاگیا۔ 70 سال سے مسلمانوں کو ذبح کرنے کے قانونی جواز فراہم کرتی اقوام متحدہ کیاردعمل دکھاتی ہے’ جلد ہی سامنے آجائے گا۔

Logo Imran Shaheen

Logo Imran Shaheen

تحریر : علی عمران شاہین
برائے رابطہ، 032194646375