ملالہ یوسف زئی 12 اپریل کو کینیڈا کی پارلیمنٹ سے خطاب کریں گی، اعزازی شہریت بھی دی جائیگی

Malala Yousafzai

Malala Yousafzai

اسلام آباد (جیوڈیسک) سوات سے تعلق رکھنے والی ملالہ یوسف زئی کینیڈا کی اعزازی شہریت حاصل کرنے والی دنیا کی چھٹی شخصیت کا اعزاز حاصل کرنے والی ہیں اور اس کے ساتھ ہی وہ 12 اپریل کو کینیڈین پارلیمنٹ سے خطاب کرنے والی دنیا کی کم عمر ترین خاتون بھی بن جائیں گی۔

ملالہ یوسف زئی کینیڈین پارلیمنٹ سے خطاب کریں گی اور اس موقع پر انہیں وزیر اعظم کی جانب سے کینیڈا کی اعزازی شہریت بھی دی جائے گی۔

کنیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے جسٹس ٹروڈو نے اپنے بیان میں ملالہ یوسف زئی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملالہ کی کہانی عزم و وقار کی داستان ہے، ملالہ نے ہمت و بہادری سے حالات کا مقابلہ کیا اور لڑکیوں کی تعلیم کے لیے ان کی وکالت نے پوری دنیا میں لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا ہے۔ ملالہ یوسف زئی کو کینیڈا کی اعزازی شہریت دینا ہمارے لیے باعث فخر کی بات ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی وہ کینیڈا کی پارلیمنٹ سے خطاب کرنے والی دنیا کی کم عمر ترین خاتون بن جائیں گی۔

واضح رہے کہ کینیڈین پارلیمنٹ نے اکتوبر 2014 میں ملالہ یوسف زئی کو اعزازی شہریت دینے کا اعلان کیا تھا۔ ملالہ سے قبل دنیا کی صرف 5 شخصیات کو کینیڈا کی اعزازی شہریت سے نوازا گیا ہے جن میں نیلسن مینڈیلا، راول والنبرگ، دلائی لامہ، آنگ سانگ سوچی اور سر آغا خان شامل ہیں۔ملالہ کینیڈا کی پارلیمنٹ کو خطاب کرنے والی کم عمر ترین خاتون ہوں گی۔

دوسری جانب ملالہ یوسفزئی کا کہنا ہے کہ کینیڈا کی پارلیمنٹ کا دعوت نامہ میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے، کینیڈا پناہ گزینوں کی مدد کرنے والے ممالک میں سرفہرست ہے۔ عظیم ہیروز کے وطن کینیڈا جانے کیلئے بہت پرجوش ہوں۔