ملالہ یوسف زئی اقوام متحدہ کی ‘امن کی پیامبر’ مقرر

Malala Yousafzai

Malala Yousafzai

اسلام آباد (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے نوبل ایوارڈ یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی کو اقوام متحدہ کے لیے ’امن کا پیامبر‘ مقرر کر دیا۔

ایک رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے بروز جمعہ 19 سالہ ملالہ کے لیے اس اعزاز کا اعلان کیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ملالہ نئی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد سیکریٹری جنرل اور دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے نوجوان نمائندگان سے لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے بات چیت کا آغاز کریں گی۔

یاد رہے کہ ملالہ یوسف زئی کو سن 2012 میں کہ جب وہ محض 15 برس کی تھیں تو سوات میں اسکول سے واپسی پر دہشت گردوں نے حملہ کرتے ہوئے شدید زخمی کردیا تھا، انہیں خواتین کی تعلیم کے لیے آواز بلند کرنے پر نشانہ بنایا گیا تھا۔

ملالہ کو 2014 میں بچوں کی تعلیم کے لیے مہم چلانے پر ہندوستان کے کیلاش ستھیار تھی کے ساتھ مشترکہ طور پر نوبل امن ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اپنے ایک اعلان میں کہا تھا کہ “خطرے کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بھی ملالہ نے خواتین، لڑکیوں اور تمام افراد کے حقوق کے لیے بڑے پُر عزم اور پائدار طریقے سے کوششیں صرف کی ہیں۔

ملالہ کی دلیرانہ سرگرمیوں نے دنیا بھر کے بہت سے افراد کو متاثر کیا ہے اور اب اقوام متحدہ کی کم عمر ترین امن کی پیامبر کی حیثیت سے وہ دنیا میں امن کے قیام کے لیے مزید کام کر سکیں گی۔”