ملائیشین سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کریں،شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملائیشیاکے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے بھرپور استفادہ کریں،پنجاب حکومت ہرممکن سہولتیں دے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملائیشیا کے ڈپٹی منسٹر برائے ٹرانسپورٹ داطوق عبدالعزیز کپراوی نے لاہور میں ملاقات کی ۔ جس میں پاک ملائیشیا تعلقات کے فروغ اورمختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ملینڈوایئر لائن کی پاکستان کیلئے پروازیں شروع کرنے پر ملائیشیاکے وزیر اور وفد کے دیگر اراکین کو مبارکباددی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملینڈو ایئر لائن کی پاکستان کیلئے پروازوں کے اجراء سے دونوں ملکوں کے مابین تجارتی، معاشی اور سیاحتی تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔

شہبازشریف نے مزید کہا کہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ، حلال فوڈز، سیاحت اور لائیوسٹاک کے شعبوں میں ملائیشیااور پاکستان تعلقات کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دے سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بزنس وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے معاشی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے ضروری ہیں۔

اس موقع پر ملائیشین وزیر کی وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو الالمپور دورے کی دعوت دی۔