ملک کو مسائل سے نکالنا جعلی خان اور نواز شریف کے بس کی بات نہیں: آصف علی زرداری

Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

کنری (جیوڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے کنری میں جیالوں سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ اور پی ٹی آئی پر تنقید کے نشتر چلا دیئے، بولے نواز شریف اور جعلی خان ملک کو مسائل سے نکالنے کی اہلیت ہی نہیں رکھتے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے ایک روپے میں لگنے والے پاور پلانٹس 10 روپے میں لگائے، کہتے ہیں اللہ کی لاٹھی بے آواز ہوتی ہے تب ہی پانامہ آیا۔

آصف زرداری بولے نئے پاکستان کی بات کرنے والوں کو یہ نہیں پتا کہ ملک کیسے بنتے ہیں؟ سابق صدر کا کہنا تھا کہ حکومت سنبھالی تو گندم اور چینی کا بحران تھا، ہماری حکومت کے دوسرے سال اتنی گندم ہوئی کہ آج تک گودام بھرے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ گنے کی کاشت کرنے والوں کو بھی فائدہ ہو، تھر میں چھوٹے ڈیمز سے فائدہ ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 7 سال بعد نون لیگ کو سی پیک کی اہمیت یاد آئی، پیپلز پارٹی ہی ملک کو مسائل سے نکال سکتی ہے، نواز شریف نے ملک کو مسائل میں پھنسایا، معیشت کو کس طرح آگے نکالنا ہے، ان کو یہ بھی نہیں پتا۔