ملک سوسائٹی کے مکینوں کی سٹریٹ کرائم کی وارداتوں پر تشویش

Meeting

Meeting

کراچی (پ ر) ملک سوسائٹی گلزار ہجری اسکیم 33 کے مکینوں نے سوسائٹی میں چوری، ڈکیتی، موبائل و موٹر سائیکل چھینے کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سوسائٹی کے ایک وفد نے جماعت اسلامی علاقہ گلزار ہجری کے ذمہ دار، یوسی چیئرمین اور سماجی کارکن جمشید علی اور وائس چیئرمین محبوب عالم سے ملاقات کی اور کہا کہ ملک سوسائٹی میں آئے روز ہونے والی وارداتوں کے باوجود متعلقہ تھانہ اور وہاں موجود عملے کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔

وفد نے بتایا کہ تھانے میں وارداتوں کی ایف آئی آر کٹوانے کے باوجود اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور عید کی آمد کے ساتھ ہی ان وارداتوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ وفد نے بتایا کہ سوسائٹی کے سیکورٹی گارڈز کئی ماہ سے تنخواہ کی عدم ادائیگی کے باعث نوکری چھوڑ کر چلے گئے ہیں جس کی وجہ سے سوسائٹی میں چوکیداری نظام بھی نہیں ہے، جس سے سوسائٹی کے مکین خوف میں مبتلا ہیں۔

وفد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک سوسائٹی کے مکینوں کو تحفظ فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں اور اس سلسلے میں متعلقہ تھانے سے باز پرس کی جائے۔ جماعت اسلامی کے رہنما، یوسی چیئرمین اور سماجی کارکن جمشید علی اور وائس چیئرمین محبوب عالم نے وفد کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ اس سلسلے میں متعلقہ انتظامیہ سے ملاقات کرکے سوسائٹی کے مکینوں کی تشویش سے آگاہ کریں گے۔