مانچسٹر ائیرپورٹ پر بلیک کیب ٹیکسی رینک دوسری جگہ منتقل کرنے پر احتجاج جاری، مذاکرات ناکام

Protest

Protest

مانچسٹر (نوید چوہان) مانچسٹر ائیرپورٹ پر اپگریڈ منصوبہ کے بعد جہاں مسافروں کو اچھی سہولیات فراہم کیے جانے کا وعدہ کیا جا رہا ہے وہاں اس منصوبے سے بہت سے لوگ متاثر بھی ہو رہے ہیں۔ پارکنگ چارجز کے مسائل ہوں یا ٹرمینل تھری سے بلیک کیب کے رینک کا دوسری جگہ منتقل کیا جانا ٹیکسی ڈرائیور ائیرپورٹ انتظامیہ کے ان فیصلوں سے خاصے نالاں ہیں۔ ائیرپورٹ کے ٹرمینل تھری پر بلیک کیب ڈرائیوروں کا احتجاج مذاکرات کی ناکامی کے بعد اور بھی شدت اختیار کر گیا ہے۔

بلیک کیب ڈرائیوروں کی یونین یونائٹ نے یہ الزام عائد کیا ہے کہ رینک کو دوسری جگہ منتقل کرنا اصل میں پرائیوٹ ہائر کمپنی کو بزنس دینے کی سازش ہے۔ جہاں رینک منتقل کیا گیا ہے وہاں تک پہنچنا مسافروں کے لیے بہت ہی مشکل ہے۔ دنیا بھر میں اور برطانیہ کے دیگر ائیرپورٹس پر ٹیکسی رینک ٹرمینل کے باہر ہوتا ہے اسے دوسری جگہ اور آنکھوں سے اوجھل کرنے کی منطق سمجھ نہیں آتی۔

یونین کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جب تک ہمارے جائز مطالبات پورے نہیں ہو جاتے ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ چوہدری محمّد نواز ، مختار حسین ، عامر بھائی ، چوہدری بشارت ، نازک علی چوہان اور منیر حسین جو کہ پیشہ اعتبار سے بلیک کیب ڈرائیور ہیں نے دیگر ڈرائیوروں سے اپیل کی ہے کہ اس احتجاج کا حصہ بنیں ان کا کہنا تھا کہ بلیک کیب ڈرائیوروں کے ساتھ کاؤنسل اور اب ائیرپورٹ کی زیادتی روز کا معمول بن چکی ہے جس پر اب خاموش نہیں بیٹھے گے۔