مارچ میں پورے ملک میں کرپٹ لوگوں کے خلاف مہم چلائیں گے: امیر جماعت اسلامی پاکستان

Siraj ul Haq

Siraj ul Haq

لاہور : امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی مارچ کے مہینے میں پورے ملک میں کرپشن اور کرپٹ لوگوں کے خلاف مہم چلائے گی، سیاسی بنیادوں پر اداروں کے سربراہ لگائے جاتے ہیں اور بعد میں انہی کے ذریعے اداروں کو تباہ کرنے کے بعد دوبارہ اپنے اہل و عیال کو ادارے فروخت کردئیے جاتے ہیں۔

ادارے فروخت کرنا مسائل کا حل نہیں بلکہ اداروں میں دیانت دار افراد کو لگایا جانا چاہئے اور کرپٹ عناصر کا محاسبہ کیا جانے چاہئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹک میں اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے سالانہ اجتماع اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کیاانہوں نے مزید کہا کہ کرپٹ لوگ ، کرپشن کا خاتمہ نہیں کرسکتے۔ 2018ء کاسال کرپشن اور وڈیرہ نظام سے نجات اور بغاوت کا سال ہوگا۔پاکستان میں سیاست الفاظ کی حد تک ہے، سرمایہ کی بنیاد پر ستر سالوں سے مخصوص طبقے نے سیاست ، جمہوریت اور تمام اداروں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔یہاں الیکشن ایک سلیکشن ہے اور سیاست ایک تجارت ہے۔ لاہور اور لودھراں میں ووٹوں کا نہیں بلکہ ڈالروں اور نوٹوں کا مقابلہ تھا۔ایک محب وطن اور مخلص آدمی کے لئے اس سیاسی نظام میں جگہ بنانا ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔

ہمیں استحصالی نظام سے بغاوت کا اعلان کرنا ہوگا۔ سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں ایسا نظام ہونا چاہئے جس میں امیر اور غریب برابر ہوں۔مشرف نے سیاسی اسلام کو اپنے اقتدار اور مغربی نظام کے لئے خطرہ قرار دیا ہے۔اسلام صرف عبادت کا نام نہیں بلکہ ایک مکمل ضابطہ حیات ہے۔آسمان کی رونقیں چاند و تاروں سے ہیں جبکہ پاکستان اسلامی جمعیت طلبہ کے نوجوانوں پررونق اور منور ہے۔حکمران ورلڈ بینک سے ملنے والے قرضوں پر خوشی کے شادیانے بجاتے ہیں۔جبکہ انہی کی وجہ سے آج پاکستان کے ہر بچے کے سر پر قرضہ ہے۔سودی نظام نے ملکی معیشت کو دیوالیہ بنا دیا ہے۔پاکستان کی عدالت عظمیٰ کے معزز جج سود کو افراد کی ذاتی مرضی قرار دیتے ہیں اور باز پرس کی بجائے اللہ پوچھے گا کا بہانہ تراشتے ہیں جبکہ صدر مملکت علماء کرام سے سود کے لئے راستہ نکالنے کی اپیل کرتے ہیں۔سراج الحق نے طلبہ کے سامنے آئین پاکستان کی مختلف دفعات پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ حکمران آئین پاکستان سے غداری کے مرتکب ہو رہے ہیں ،حکومت آئین پاکستان کی رو سے فحاشی اور عریانی کو خاتمے کے لئے اقدامات کرنے کی پابند ہے، مگراشتہارات میں بڑھتی ہوئی بے حیائی کی مثال مغربی دنیا میں بھی نہیں ملتی۔حکمران شعائر اسلام کا مذاق اڑا رہے ہیں ، ہم پاکستان کو آئین پاکستان کے مطابق اسلامی فلاحی پاکستان بنائیں گے۔

پاکستان کو جدیددنیا کی جدید ترین ، ترقی یافتہ اور فلاحی ریاست بنا کر دم لیں گے۔انہوں نے اسلامی جمعیت کے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آسمان سورج اور چاند ستاروں سے روشن ہے جبکہ پاکستان اسلامی جمعیت طلبہ کے نوجوانوں کے دم سے روشن اور منور ہے۔جمعیت کے نوجوان جذباتی نہیں بلکہ نظریاتی نوجوان ہیں۔تعلیمی اداروں کی رونقیں جمعیت کے محب وطن اور مخلص نوجوانوں کے دم سے قائم ہیں۔آج پاکستان کے تعلیمی اداروں میں اساتذہ کو قلم اور کتاب کی جگہ کلاشنکوف تھمائی جا رہی ہے۔ تعلیمی اداروں کی سیکورٹی حکومت کی ذمہ داری ہے جس سے گلو خلاصی ممکن نہیں۔

سید امجد حسین بخاری
مرکزیسیکرٹری اطلاعات اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان
0334-5019016