مارچ کا مہینہ بھگت سنگھ کی یادوں کا موسم

Bhagat Singh

Bhagat Singh

تحریر : ساحل منیر
مارچ کا مہینہ یوں تو اہلیانِ پاکستان کے لئے قراردادِ پاکستان کی صورت میں برطانوی سامراج، استعمار اور غلامی سے نجات حاصل کرنے کی جدو جہد سے عبارت ہے لیکن شاید ہم بھول جاتے ہیں کہ استحصالی قوتوں کے خلاف جدوجہد کی اس سے پہلے بھی ایک پوری تاریخ موجود ہے اور انگریزوں کے خلاف جنگِ آزادی سے لے کر برِ صغیر کی آزادی تک بہت سے لوگوں نے اپنی پوری زندگی سامراجی قوتوں کے خلاف لڑتے ہوئے گزار دی۔مگر ہم نے اپنی تاریخ میں ایسے لوگوں کو محض ان کے مذہب و عقائد کی بنا پر فراموش کر دیا۔ہمارے نصاب و تاریخ میں ایسے بے مثال غیر مسلم جانثاروں کا ذکر تک نہیں ملتا جنہوں نے بلا امتیاز مذہب و نسل اپنے خونِ جگر سے آزادی و انقلاب کے چراغ روشن کئے اور جھومتے گاتے ہوئے پھانسی کے پھندوں پر جھول گئے۔مادرِ وطن کے انہی شیر دل سپوتوں میں ایک نام بھگت سنگھ کا ہے جسے آزادی کے لئے لڑنے کی پاداش میں اسی مارچ کے مہینے میں تختہء دار پر لٹکایا گیا۔

بھگت سنگھ آج بھی برِ صغیر کی تحریکِ آزادی کی ایک ایسی اٹل سچائی ہے جسے کسی طور بھی جھٹلایا نہیں جا سکتا۔ ایک اچھے خاصے کھاتے پیتے زمیندار گھرانے کا تعلیم یافتہ اور خوبرو نوجوان جوسامراجی گماشتوں کا آلہ کار بن کر زندگی کی رنگینیوں اور حکومتی مراتب سے لطف اندوزہو سکتا تھا۔لیکن اس سرپھرے نوجوان نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا اور اپنے ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دیتے ہوئے ایک کٹھن راستے کا انتخاب کیا اور اپنے وطن کی آزادی کے لئے استعماری قوتوں کے خلاف ہتھیار اٹھانے سے بھی گریز نہ کیا۔پنجاب کا یہ ہیرو اور شیر جوان لائلپور(فیصل آباد)کے گائوں238گ ب جڑانوالہ میں 27ستمبر1907ء کو پیدا ہوا۔جب وہ پیدا ہوا تو اس کا باپ انگریزوں کی قید میں تھا جبکہ اس کے دادا نے بھی 1857ء کی جنگِ آزادی لڑی تھی۔اس طرح غلامی سے نفرت اور آزادی کی تڑپ اس کی خاندانی وراثت قرار پائی۔یہی وجہ ہے کہ حصولِ تعلیم کے دوران ہی وہ انگریزی استعمار کے خاتمے کے لئے نبردآزما قوتوں کا ہم خیال بن گیااور پھر اپنی بھر پور جوانی آزادی کی قربان گاہ کی نذر کر دی۔

اس کی موت آج بھی محروم و پسماندہ طبقات کو آزادی، مساوات اور حریتِ فکر کی ترغیب دیتی ہے۔اس نے برطانوی سامراج کے خلاف اپنی زندگی کی آخری سانس تک کسی بھی مصلحت سے کام نہ لیااور اپنے وطن کی آزادی کے لئے ایک خونچکاں جدوجہد کا انتخاب کیا۔پاکستان میں بہت سے لوگ بھگت سنگھ کے سکھ پس منظر اور اس کے سوشلسٹ نظریات کی وجہ سے اسے برِ صغیر کی تحریکِ آزادی کا ہیرو ماننے سے انکاری ہیں ۔لیکن اس کے باوجود زمانہ اب بھی وطن کے اس بہادر سپوت کی جرات و عظمت کو سلام پیش کرتا ہے اور ہر سال مارچ کا مہینہ اس کی یادوں کے چراغ کی لو کو مزید تیز کر دیتا ہے۔انگریزی جبر و استبداد کے خلاف اس عظیم ہیرو نے مجبوراًتشدد اور خون خرابے کا راستہ اختیار کیاجس کی وجہ سے اس پر کئی مقدمات بنے اور اسی قسم کے ایک مقدمہ میں 23مارچ1931ء کو اسے اپنے دوسرے ساتھیوں راج گرو اور سکھ دیو کے ساتھ سنٹرل جیل لاہور میں تختہء دار پر چڑھا دیا گیا۔برِ صغیر کی تاریخ کے اس ناقابلِ فراموش کردار کا لہو آج بھی استحصالی نظام اور طبقاتی امتیازات کے خلاف جدوجہد کرنے والوں کو حوصلے، یقین اور جرات مندی کا درس دیتا ہے۔لہذا بھگت سنگھ جیسے سرفروشوں کو مذہب و عقائد کے تعصب سے بالا تر ہو کر ان کا حقیقی مقام و مرتبہ دینا چاہیے۔

واضح رہے کہ بھگت سنگھ کو جس مقدمے میں اپنے دیگر ساتھیوں سمیت سزائے موت سنائی گئی اس کی سماعت کے دوران بھگت سنگھ نے عدالت کے کٹہرے میں جو دلیرانہ بیان دیاوہ آج بھی آزادی، انقلاب اور حریتِ فکر کے متوالوں کے لئے ایک نادر نمونہ ہے۔اس کا یہ تاریخی بیان درج ذیل تھا: ”میں اور میرے ساتھی مقدمے کی کارروائی میںکسی طرح کا حصہ نہیں لینا چاہتے کیونکہ نہ تو ہم سرکار کو انصاف پر مبنی سمجھتے ہیں اور نہ ہی اسے قانونی طور پر جائز حکومت۔ہم اپنے پورے یقین سے یہ اعلان کرتے ہیں کہ قوت کا اصل سرچشمہ عوام ہیں۔کوئی شخص یا سرکار ایسے کسی اختیار کی حقدار نہیںجو عوام نے اسے نہ دیا ہو۔چونکہ یہ سرکار اس اصول کی خلاف ورزی کرتی ہے اس لئے اس کا وجود جائز نہیں۔ایسی سرکاریں جو دوسرے ملکوں کو لوٹنے کے لئے قائم کی جاتی ہیںان کے پاس تلوار کے علاوہ کوئی جواز نہیں ہوتا۔اسی لئے ایسی حکومتیں وحشیانہ طاقت سے آزادی کے خیالات اور آزادی کی امنگیں کچلتی ہیں۔

ہم یقین رکھتے ہیں کہ انگریز سرکار ہندوستان پر زبردستی تھوپی گئی ہے۔یہ حکومت غنڈوں، ڈاکوئوں کا گروہ اور لٹیروں کا ٹولہ ہے جس نے لوگوں کو لوٹنے کے لئے ہر طرح کی طاقت جمع کر رکھی ہے۔یہ سرکار امن و امان کے نام پر اپنے مخالفین کو کچل دیتی ہے۔ہمارا یقین ہے کہ سامراجیت ایک بڑی ڈاکہ زنی کی سازش کے علاوہ اور کچھ نہیں۔سامراجیت انسان کے ہاتھوں انسان اور ملک کے ہاتھوں ملک کے استحصال کی آخری حد ہے۔سامراجیت پسند اپنے مفاد اور لوٹنے کی سکیموں کو پورا کرنے کے لئے نہ صرف عدالتوں اور قانون کا قتل کرتے ہیں بلکہ خطرناک ڈھنگ سے لوگوں کا قتلِ عام کرتے ہیں۔استحصالی عزائم پورے کرنے کے لئے جنگ جیسے خوفناک جرائم بھی کرتے ہیں۔جہاں لوگ ان کے نادر شاہی اور استحصالی مطالبات قبول نہ کریںیا ان کی نفرت انگیز سازشوں کو ماننے سے انکار کر دیںتو وہ بے قصور لوگوں کا خون بہانے سے بھی نہیں ہچکچاتے۔امن و امان کی آڑ میں وہ امن و امان کو تباہ کرتے ہیں۔ہمارا عقیدہ ہے کہ آزادی ہر انسان کا پیدائشی حق ہے اور ہر انسان کو اپنی محنت کا پھل پانے کا بھی حق حاصل ہے۔

ہر ملک اپنے قدرتی وسائل کا مکمل طور پر مالک ہوتا ہے۔اگر کوئی سرکار عوام کو ان حقوق سے محروم رکھتی ہے تو عوام کا یہ حق ہی نہیں بلکہ فرض ہے کہ وہ ایسی حکومت کو ختم کر دیں۔چونکہ برطانیہ کی سرکار ہمارے بیان کردہ اصولوں کے بالکل منافی ہے اس لئے ہمارا ایقان ہے کہ جس طریقے سے بھی انقلاب لایا جا سکے اس حکومت کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔اس کے لئے ہر طرح کی کوشش اور تمام طریقے اخلاقی طور پر جائز ہیں۔ہم موجودہ سماجی، معاشی اور سیاسی ڈھانچوں میں انقلابی تبدیلی لانے کے حق میں ہیں ۔ہم موجودہ سماج کو پورے طور پر ایک نئے سماج میں بدلنا چاہتے ہیںتاکہ انسان کے ہاتھوں انسان کا استحصال ناممکن بنا کرعوام کے لئے ہر میدان میںمکمل آزادی کو یقینی بنایا جائے۔ہم محسوس کرتے ہیں کہ جب تک موجودہ سماجی ڈھانچہ بدلا نہیں جاتا،ساری دنیا ایک تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے۔جہاں تک پر امن اور دیگر ذرائع سے انقلابی آدرش اپنانے کا سوال ہے تو ہم اعلان کرتے ہیں کہ اس کا انتخاب موجودہ حکمرانوں کی مرضی پر منحصر ہے۔انقلابی انسان دوست ہوتا ہے۔ہم انصاف اور برابری کی بنیاد پر قائم صحیح اور حقیقی امن چاہتے ہیں۔ہم جھوٹے اور بناوٹی امن کے حامی نہیںجو بزدلی سے قائم ہوتا ہے اور بھالوں اور بندوقوں کے سہارے زندہ رہتا ہے۔انقلابی اشد ضرورت اور آخری دائو کے طور پربم اور پستول کا سہارا لیتا ہے۔

ہمیں یقین ہے کہ امن و قانون انسانوں کے لئے ہے نہ کہ انسان امن اور قانون کے لئے۔ایک فرانسیسی ماہرقانون نے ٹھیک کہا ہے کہ قانون کا بنیادی مقصد آزادی ختم کرنایا اس پر پابندی لگانا نہیں ہے بلکہ آزادی کو محفوظ رکھنا یا اس کو آگے بڑھانا ہے۔سرکار کو قانونی جوازان جائز قوانین ہی سے ملے گا جو اجتماعی فلاح کے لئے بنائے گئے ہوں اور جو عام کی مرضی سے بنائے گئے ہوں۔قانون کا تقدس اسی وقت قائم کیا جا سکتا ہے جب وہ عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرتا ہو۔جب قانون استحصالی گروہ کا آلہء کار بن جا تا ہے تو اپنے تقدس و اہمیت کو کھو بیٹھتا ہے۔انصاف کی فراہمی میں بنیادی نکتہ ہر طرح کے امتیاز کا خاتمہ ہونا چاہیے۔جب قانون سماجی ضرورتوں کو پورا کرنا بند کر دیتا ہے تو ظلم اور نا انصافی کو بڑھانے کا ہتھیار بن جا تا ہے۔ایسے قوانین کا جاری رہنا عوامی مفاد میں نہیںبلکہ مخصوص لوگوں کے مفادات کو زبردستی پورا کرنے کے سوا کچھ نہیں۔موجودہ سرکار کے قانون بدیسی حکومت کے مفاد کے لئے بنائے گئے اور ہم لوگوں کے مفاد کے بالکل خلاف ہیں۔اس لئے ہم پر ان قوانین کی پاسداری لازم نہیں آتی۔ہماری نظر میں ہر ہندوستانی کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان قوانین کو چیلنج کرے اور انہیں توڑے۔انگریز عدالت کے کل پرزے ہیں،وہ انصاف نہیں دے سکتے۔خاص طور پر سیاسی میدان میںجہاں سرکار اور لوگوں کے مفاد میں ٹکرائو ہے۔ہم جانتے ہیں کہ یہ عدالت انصاف کے ڈھکوسلے کے سوا کچھ نہیں۔لہذا ہم اس عدالت کے تحت موجودہ مقدمے کی کارروائی میں حصہ لینے سے انکار کرتے ہیں۔

Sahil Munir

Sahil Munir

تحریر : ساحل منیر