حصص مارکیٹ میں سال کے اختتامی ایام میں اتار چڑھاؤ

Karachi Stock Exchang

Karachi Stock Exchang

کراچی (جیوڈیسک) تقویمی سال کے آخری ایام کے باعث انویسٹرز کی نئی پوزیشن لینے سے گریز اور سرمایہ کاری میں عدم دلچسپی کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو اتار چڑھاؤ کے بعد بھی قابل ذکر نوعیت کی تیزی رونما نہ ہوسکی جبکہ کاروباری حجم کے اعدادوشمار نمایاں کمی کے ساتھ 10 کروڑ سے نیچے آگئے۔

محدود پیمانے پر تیزی کے سبب 50.30 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی صرف 1 ارب 70 کروڑ 36 لاکھ 26 ہزار 864 روپے کا اضافہ ہوسکا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ کیپٹل مارکیٹ کی مایوس کن صورتحال کی بظاہرکوئی وجہ نظر نہیں آ رہی لیکن بیشتر سرمایہ کاروں کی پرانے سودوں کے تصفیوں میں مصروفیت، تازہ سرمایہ کاری میں عدم دلچسپی اور جمعہ کو بینکوں کی تعطیل جیسے عوامل نے حصص کی تجارتی سرگرمیوں کو متاثر کیا، یہی وجہ ہے کہ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 149.79 پوائنٹس کی تیزی اوربعد ازاں 77.83 کی مندی بھی رونما ہوئی۔

ملے جلے کاروباری رحجان کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 13.14 پوائنٹس کے اضافے سے 32825.03 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 12.70 پوائنٹس بڑھ کر 19322.52، کے ایم آئی 30 انڈیکس 91.77 پوائنٹس کے اضافے سے 55738.98 اور آل شیئر اسلامک انڈیکس 26.76 پوائنٹس بڑھ کر 15475.04 ہوگیا، کاروباری حجم منگل کی نسبت 44.76 فیصد کی نمایاں حد تک کم رہا اور 7 کروڑ 99 لاکھ 53 ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ 326 کمپنیوں تک محدود رہا جن میں 164 کے بھاؤ میں اضافہ، 147 کے داموں میں کمی اور 15 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔