چوتھے ون ڈے میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دیکر سیریز اپنے نام کر لی

Ahmad Shahzad

Ahmad Shahzad

کولمبو (جیوڈیسک) پاکستان نے چوتھے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز 1-3 سے اپنے نام کرلی۔

کولمبو کے پری ما داسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز 1-3 سے اپنے نام کرلی، اظہر علی اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا اور 75 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم اظہر علی 33 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ احمد شہزادایک بار پھر سے اپنی سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے وہ 95 رنز بنا کر آوٹ ہوئے ان کی اننگز میں 12 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

محمد حفیظ نے 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 70 رنز بنائے جب کہ شعیب ملک نے آخر لمحات میں 16 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 29 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر 9 اوورز قبل ہی ہدف حاصل کرلیا۔۔ سری لنکا کی جانب سے ملنگا اور لکمل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز بنائے، کوشال پریرا اور تلکا رتنے دلشان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن پریرا پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر آؤٹ ہو گئے تاہم دلشان اور تھریمانے نے دوسری وکٹ کے لیے 109 رنز کی شراکت قائم کی جب کہ دلشان 50 اور تھریمانے 90 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر بھی رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے 3، انور علی نے 2 جب کہ راحت علی، یاسر شاہ اور عماد وسیم نے ایک، ایک حاصل کی۔

دوسری جانب کپتان اظہر علی نے کہا کہ پوری ٹیم نے میچ میں زبردست فائٹ کی اور ہم نے سیریز جیت کر پاکستانی قوم کو عید کا تحفہ دیا ہے جب کہ ہمارے لیے ہر میچ اہمیت کا حامل تھا اور ہم آخری میچ بھی اس جذبے سے کھیلے گے۔ سری لنکن کپتان کا کہنا تھا کہ ہم ٹاس جیتنے کا فائدہ نہیں اٹھا سکے اور ہماری وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں جب کہ ہم پاور پلے کا بھی بہتر استعمال نہیں کرسکے۔