ڈی سیٹ معاملہ حل نہ ہونے پر پی ٹی آئی کا قومی اسمبلی سے واک آوٹ

Shah Mahmood Qureshi

Shah Mahmood Qureshi

اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے اراکین نے ڈی سیٹ کا معاملہ حل نہ ہونے پر قومی اسمبلی سے واک آوٹ کردیا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے معاملہ حل کرنے پارلیمانی لیڈرز کو چیمبر میں بلالیا۔پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے واک آئوٹ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایم کیو ایم اور جے یو آئی ف کے علاوہ تمام جماعتیں تحریک انصاف کو پارلیمنٹ میں دیکھنا چاہتی ہیں۔

ان کا کہناتھا کہ ڈی سیٹنگ کے معاملے کو طول دینا ٹھیک نہیں ، فیصلہ جلدکیا جائےجب تک فیصلہ نہیں ہوجاتا ہم ایوان سے باہر ہی رہیں گے۔شاہ محمود قریشی کا کہناتھا کہ ایوان کے اندر اور باہر کردار ادا کرنا جانتے ہیں اور اسکے لئے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ اور جمعیت علماے اسلام ف نے قومی اسمبلی میں الگ الگ تحریک جمع کرارکھی ہے جس میں کہا گیا ہےکہ تحریک انصاف کےاراکین قواعد کے حساب سے اب اراکین اسمبلی نہیں رہے ، انہیں ڈی سیٹ کیا جائے ،دونوں جماعتوں کی پیش کردہ قرار دادوں پر ابھی رائے شماری ہونی ہے اور یہی آج قومی اسمبلی کے اجلاس کا ایجنڈا بھی ہے۔

اجلاس سے پہلے تحریک انصاف ، جے یو آئی ف اور متحدہ قومی موومنٹ کی پارلیمانی جماعتوں کے الگ الگ اجلاس ہوئے۔ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت تحریک انصاف کے اجلاس میں پارٹی کی حکمت عملی پر غور کیا گیا ، اجلاس کے بعد شفقت محمود نے بتایاکہ جب تک ان تحاریک کا فیصلہ نہیں ہوتا ان کی جماعت اسمبلی میں نہیں جائے گی۔

دوسری طرف جے یو آئی ف نے بھی اپنی مشاورت مکمل کرلی ہے، اکرم درانی کا کہنا ہے کہ سیاست میں ہربات کا امکان موجود رہتا ہے جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما عبدالوسیم نے صاف صاف کہہ دیا ہے کہ ان کی جماعت تحریک واپس نہیں لے گی ، ان کا نکتہ آئینی اور قانونی ہے۔