مئی 2018 میں فرنس آئل کی درآمدات میں 132 فیصد اضافہ

Furnace Oil

Furnace Oil

کراچی (جیوڈیسک) لوڈ شیڈنگ کے جن پر قابو پانے کے لیے فرنس آئل کی درآمد میں اضافہ، مئی 2018 میں فرنس آئل کی کھپت میں 132 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

گرمی میں اضافے کے باعث ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے، یہی وجہ ہے کہ فرنس آئل سے چلنے والے تمام بند پلانٹس کو ایک بار پھر چلا دیا گیا ہے۔ جس سے مئی میں فرنس آئل کی درآمدات 132 فیصد اضافے سے 8 لاکھ 60 ہزار ٹن تک پہنچ گئی، جو اپریل میں 3 لاکھ 70 ہزار تک محدود تھی۔

حکومت نے گزشتہ برس نومبر میں فرنس آئل سے چلنے والے تمام پاور پلانٹس کو مکمل طور پر بند کرکے ایل جی سے بجلی کی زیادہ سے زیادہ پیداوار کا فیصلہ کیا تھا، مگر گرمی میں اضافے کے سبب اپریل میں ایک بار پھر فرنس آئل کی درآمدات کا فیصلہ کیا گیا، جس کے بعد مئی میں فرنس آئل کی طلب میں اچانک اتنا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔