میئرز کو 2001 والے اختیارات نہیں دے سکتے، وزیراعلیٰ سندھ

Qaim Ali Shah

Qaim Ali Shah

کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ 2001 کے بلدیاتی قانون میں صوبائی حکومت کے اختیارات پر ڈاکا ڈالا گیا لیکن اب وہ اختیارات میئر کو نہیں دے سکتے۔

وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کراچی پریس کلب کے وفد سے ملاقات کی جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کا میئر ابھی تک بنا نہیں تو ایم کیو ایم کس کے لیے اختیارات مانگ رہی ہے جب کہ تمام جماعتوں نے موجودہ بلدیاتی قانون کے تحت انتخابات میں حصہ لیا لہٰذا بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات بھی اسی قانون کے تحت ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 2001 کے بلدیاتی قانون میں صوبائی حکومت کے اختیارات پر ڈاکا ڈالا گیا، اس قانون کے تحت تمام اختیارات بلدیاتی حکومت کو حاصل تھے جب کہ اس بار ایسا نہیں ہوگا اور 2001 والے بلدیاتی اختیارات اب میئر کو نہیں دے سکتے۔

قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ تیسری دنیا کے ممالک میں میئر والے اختیارات ہم نے بھی دیدیے ہیں، منتخب نمائندوں کے پاس میونسپل کے اختیارات ہوتے ہیں جو انہیں سونپ دیئے گئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کئی مرتبہ سندھ آنے کا کہا لیکن وہ نہیں آئے تاہم اپنے تحفظات سے وزیراعظم کو آگاہ کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ رینجرزاختیارات کے معاملے پر کوئی تنازع نہیں یہ معاملات طے ہوگئے ہیں جس کا اعلان بھی ہوجائے گا۔