مکہ مکرمہ میں غیر شرعی ہیئر اسٹائل اور فیشن کرنے پر 50 افراد گرفتار

Saudia

Saudia

مکہ المکرمہ (جیوڈیسک) سعودی عرب کی مذہبی پولیس نے غیر شرعی ہیئر اسٹائل اور فیشن کرنے پر 50 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔
غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق مکہ مکرمہ میں سعودی مذہبی پولیس نے مختلف تجارتی مراکز میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 50 افراد کر گرفتار کرلیا، ان نواجونوں پر الزام ہے کہ ان کے بالوں کا اسٹائل شریعت کے مطابق نہیں جب کہ انہوں نے اپنے گلے اور کلائی میں ایسے کڑے اور ہار پہنے ہوئے تھے جو کہ سعودی علما کے نزدیک اسلامی تعلیمات کے خلاف ہیں۔

سعودی خبرایجنسی سبق کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں نوجوان لڑکوں سمیت لڑکیاں بھی شامل ہیں جنہیں مزید تحقیقات کے لیے مجرمانہ تفتیش کے شعبے کے حوالے کردیا گیا ہے۔ کریک ڈاؤن کے دوران خواتین اور مردوں کے اسکواڈ پر مشتمل پولیس اہلکاروں نے خریداری میں مصروف متعدد افراد کو ان کے لباس اور فیشن پر تنبیہ بھی کی اور انہیں غیرشرعی چیزوں سے دور رہنے کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں امر بالمعروف اور نہی عن المنکر (مذہبی پولیس ) کےاہلکارسڑکوں پر گشت کرتے ہیں اور شہریوں کے سماجی رویوں پر نظر رکھتے ہوئے انہیں کسی بھی غیر شرعی حرکت سے روکتے ہیں۔