میڈیا ہائوسز پر حملہ کرانے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے، آرآئی یوجے

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد: آر آئی یو جے نے میڈیا ہائوسز پر حملہ کرانے والوں کو قرار واقعی سزادینے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ پی ایف یوجے کے پشاور میں جعلی انتخابات کے انعقاد کی مذموم کوششوں کی مذمت کی اور مرکزی قیادت رانا عظیم اور جی ایم جمالی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی دفتر آئی ایٹ ون میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آرآئی یوجے کے صدر شکیل احمد کا کہنا تھا کہ میڈیا ہائوسز پر حملہ کرکے آزادی اظہار کا گلہ گھونٹنے کی کوشش کی گئی انہوں نے کہا کہ میڈیا ہائوسز اور صحافیوں کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اس لیے ایسے اقدامات کرنے والوں کو قرارواقعی سزاد ی جائے۔

آر آئی یوجے کے جنرل سیکرٹری سید فدا حسنین شیرازی کا کہنا تھا کہ پولیٹکل پارٹیز کواپنے سیاسی معاملات گول میز کانفرنسوں میں حل کرنے چاہیں نہ کہ میڈیا پر حملے کرکے ۔انہوں نے کہا کہ ظلم کی حد ہے کہ کوئی سرعام میڈیا پر حملوں کااعلان کردے۔پشاور انتخابی ڈرامہ کے حوالے سے اُن کا کہنا تھا کہ پشاورمیں پی ایف یو جے کے جعلی انتخابات کے انعقاد کی کوششیں صحافیوں کو تقسیم کرنے کی سازش ہیں۔پی ایف یو جے کے فنانس سیکرٹری اشفاق ساجد کا کہنا تھا کہ میڈیا ہائوسز اور صحافیوں کے خلاف اُٹھنے والا ہر ہاتھ ملک دشمنی کا عکاس ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی ایف یوجے کے انتخابات مری میں ہو چکے ہیں پشاور میں جعلی انتخابات کے انعقاد کی کوششیں کرنیوالے اندھوں کی جنت میں رہتے ہیں۔پی ایف یو جے ممبر ایف ای سی راجہ لیاقت کا کہنا تھا کہ صحافی اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور اپنے اند چھپے ہوئے سازشی ٹولوں کو بخوبی پہچان لیں۔اجلاس سے بابر مغل،طارق عزیز ، عدنان بری،شبیر مغل ،نقی کاظمی، اسدتنولی،قیصرتنولی،سہیل احمد،یعقوب علوی، ناصر مشکورپیرزادہ،علی شیر،حسیب بھٹی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔