ادویات قیمتوں میں اضافہ پر حکومتی خاموشی عوام دشمنی ہے ‘ سولنگی اتحاد

Medicines

Medicines

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ادویات ساز اداروں کی جانب سے جان بچانے والی دواوں کی قیمتوں میں اضافہ پر حکومتی خاموشی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے پا کستان سولنگی اتحاد کے سینئر و بزرگ رہنما امیر سولنگی ‘ سردار شبیر سولنگی ‘ سردار اکرم سولنگی ‘ سردار راحیل سولنگی ‘ سردار خادم حسین سولنگی و دیگر نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آکر کرپشن وکمیشن کے حصول کیلئے قومی اداروں کی نجکاری پر مصر حکمران کمیشن خوری و کرپشن کے باعث اہلیت حکمرانی سے محروم ہوچکے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ عوام کو ہر قسم کی ریلیف کی فراہمی میں ناکام حکمران منافع خوروں ‘ جرائم پیشہ عناصر ‘ امن دشمنوں اور گراں فروشوں کو کنٹرول کرنے میں بھی ناکام ہیں۔

جس کی وجہ سے عوام ہرقسم کی سہولیات سے محرومی اور مہنگائی کی چکی تلے پس رہے ہیں مگر حکمران صرف نئے منصوبوں اور بیرونی معاہدوں کے ساتھ نئی ایئر لائنیں بنانے اور قومی اداروں کی نجکاری کے ذریعے مال بنانے میں مصروف ہیں عوام کی حالت و حالات میں بہتری و سدھار سے انہیں کوئی سروکار یا غرض نہیں ہے !۔