بحیرہ روم میں تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے درجنوں افراد ہلاک

Illegal Immigrants

Illegal Immigrants

روم (جیوڈیسک) لیبیا کے قریب بحیرہ روم میں یورپ جانے والے غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہوگئے۔

لیبیا کے ساحل کے قریب افریقا سے آنے والے تارکین وطن کی ایک کشتی یورپ پہنچنے کی کوشش کے دوران وزن زیادہ ہونے کے باعث الٹ گئی ،کشتی میں 600 سے زائد افراد سوار تھے جو روزگار کی تلاش کے لیے غیر قانونی طریقے سے یورپ میں داخل ہونا چاہتے تھے۔

اٹلی کوسٹ گارڈز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت کشتی لیبیا کے ساحل سے محض 15 ناٹیکل میل دور تھی اور انہوں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے 400 کے قریب افرد کو بچالیا اوراب تک سمندر سے 25 لاشیں نکالی گئی ہیں جب کہ 200 سے زائد افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

واضح رہے کہ رواں برس بحیرہ روم میں اب تک افریقا اورایشیا سے تعلق رکھنے والے 2 ہزار سے زائد غیر قانونی تارکین وطن شمالی افریقا سے یورپ جانے کی کوشش کے دوران لقمہ اجل بن چکے ہیں جب کہ افریقا اور مشرق وسطیٰ کے جنگ سے متاثرہ علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں تارکین وطن یورپ پہنچنے کی امید میں بحیرہ روم کو پار کرنے کا خطرناک سفر اختیار کرتے ہیں جن کی پہلی منزل اٹلی ہوتا ہے۔