بحیرہ روم میں 2100 پناہ گزینوں کو بچا لیا گیا

Refugees

Refugees

اٹلی (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق اس سال اکتوبر کے آخر تک بحیرہ روم کے راستے یورپ پہنچنے والے پناہ گزینوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ ہے۔
ہفتے کے روز اٹلی کے ساحلی محافظوں نے بتایا کہ انہیں لیبیا کے ساحل کے قریب ربڑ کی ایک کشتی سے کم از کم دس نعشیں ملی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دن بھر میں 15 امدادی کارروائیاں کی گئیں جس کے نتیجے میں 2100 تارکین وطن کو سمندر میں ڈوبنے سے بچا لیا گیا۔

یہ تعداد جمعے کے روز بچائے جانے والے پناہ گزینوں سے دو گنا زیادہ ہے جب 1200 لوگوں کو بچایا گیا تھا۔

اس سے قبل420 مزید تارکین وطن کو، جن میں سات حاملہ خواتین اور 78 بچے شامل تھے، بچایا گیا تھا اور ہفتے کے روزسسلی میں تاراپانی بندر گاہ پر لایا گیا۔

مائیگرینٹ آف شور ایڈ اسٹیشن کے فنکس اطالوی بحری جہاز کے چیف آفیسر بی پے گیلی مالیا نے کہا ہے کہ ان تارکین وطن کو جمعرات کےروز لیبیا کے ساحل پر تین کارروائیوں میں بچایا گیا تھا۔

اقوام متحدہ کے پناہ گزینو ں سے متعلق ہائی کمیشن کے مطابق 24 اکتوبر تک وسطی بحیرہ روم کے راستے 153632 تارکین وطن یورپ پہنچ چکے ہیں لیکن ہزاروں افراد اس کوشش میں ہلاک ہو چکے ہیں۔