نبی کریم ۖ کا دامن رحمت ہی تمام انسانوں کو مسائل کے دلدل سے نکال سکتا ہے، فریدہ گلزار

Muhammad PBUH

Muhammad PBUH

کراچی (پ ر) ڈپٹی ڈائریکٹر قرآن انسٹیٹیوٹ فریدہ گلزار نے کہا ہے کہ نبی کریم ۖ کی سیرت طیبہ زندگی کے تمام شعبوں میں ہماری رہنمائی کرتی ہے۔ نبی کریم ۖ کے بتائیں ہوئے راستے پر چل کر ہی ہم دنیا و آخرت میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع وسطی ناظم آباد زون کے تحت منعقدہ جلسہ سیرت النبی ۖ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسوئہ رسول ۖ سے ہی حقیقی انقلاب برپا ہوا جس کا اقرار کئی غیر مسلموں تک نے اپنی کتابوں میں کیا ہے۔ دنیا کے تمام نظاموں کی ناکامی نے ثابت کیا ہے کہ نبی کریم ۖ کا دامن رحمت ہی آج کے تمام انسانوں کو مسائل کے دلدل سے نکال سکتا ہے۔ نبی کریم ۖ نے انسانی حقوق و مساوات کا جو چارٹر پیش کیا وہ رہتی دنیا تک کے انسانوں کے لئے عملی نمونہ عمل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نبی اکرم ۖ سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور اس محبت کا تقاضا ہے کہ نبی ۖ کے مشن کو تھاما جائے اپنی زندگیوں کو اسوئہ رسول ۖ کے مطابق ڈھالا جائے۔ ہر سال نبی اکرم ۖ کی ولادت کے موقع پر بڑی بڑی محافل منعقد کی جاتی ہیں مگر ہمارے معاشرے میں سیرت نبوی ۖ کی جھلک نہیں دکھائی دیتی۔ فریدہ گلزار نے کہا کہ نبی کریم ۖ سے محبت ہمارے ایمان کا لازمی جُز ہے اور اس محبت کا تقاضا ہے کہ چراغاں، سبز پرچموں کی بہار اور نعت کی محفلیں سجانے سے آگے بڑھ کر سیرت النبی ۖ کا دامن تھاما جائے اور عملی زندگیوں کو اسوئہ رسول ۖ میں ڈھالا جائے۔