میٹرک امتحانات میں فیل طلبا کا تیسرے روز بھی بورڈ آفس پر احتجاج

Student Protest

Student Protest

کراچی (جیوڈیسک) امتحانات میں فیل ہونے والے طلبا کا تیسرے روز بھی بورڈ آفس پر احتجاج جاری رہا ۔چیئرمین میٹرک بورڈ نے اسکروٹنی کے بعد امتحانی کاپیاں میڈیا کے سامنے پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔

میٹرک بورڈ میں آج بھی فیل ہونے والے طلبا کا رش لگا رہا، بڑی تعداد میں طلبا اسکروٹنی کرانے کیلئے میٹرک بورڈ آفس کا رخ کرتے رہے۔ انہوں نے اسکروٹنی کی فیس وصول کرنے پر احتجاج بھی کیا۔طالب علموں کا کہنا تھا کہ میٹرک بورڈ نے غلط نتائج جاری کیے ہیں جس کی فیس لینا درست نہیں۔میٹرک بورڈ کے چیئرمین انوار احمد زئی نے طلبا کی کاپیاں جانچنے کے بعد میڈیا کے سامنے پیش کرنے کا اعلان کیاہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسکروٹنی کی ہر کاپی وہ خود بھی چیک کررہے ہیں۔انوار احمد زئی نے مزید کہا کہ اگر اسکروٹنی کے بعد بورڈ کی غلطی سامنے آئی تو طلبا کو اسکروٹنی فیس واپس کر دی جا ئیگی۔طلبا کے احتجاج کے باعث میٹرک بورڈ انتظامیہ نے کاپیاں جانچنے کے بعد میڈیا کے سامنے پیش کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم دیکھنا یہ ہے کہ طلبا اسکروٹنی کے نتائج کو تسلیم کرتے ہیں یا نہیں۔