میکسیکو کی سرحد پر فوج تعینات کرنا ناگزیر ہو گیا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

Donald Trump

Donald Trump

واشنگٹن (جیوڈیسک) ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا میں تارکین وطن کو روکنے کے لیے میکسیکو کی سرحد پر فوج تعینات کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔

بین الااقوامی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں بات کرتے ہوئے میکسیکو کی سرحد پر فوج تعینات کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ اب ہم اپنے کام عسکری انداز میں کریں گے اور یہ ایک بڑا قدم ہوگا۔ میکسیکو کے تارکین وطن کے کارواں کے کارواں امریکا کی نرم سرحدی پالیسی کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے داخل ہو رہے ہیں جو مسائل کا سبب بن رہے ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ ڈاکا اور نافٹا جیسے قوانین کا فائدہ امریکا کے بجائے تارکین وطن کو ہوا ہے اور وہ ہماری ان نرم پالیسیوں پر ضرور ہنستے ہوں گے تاہم اب ایسا نہیں ہو گا اور جنوب میں واقع میکسیکو کی سرحد پر امریکی فوج تعینات کردی جائے گی جب کہ اس وقت امریکا میں موجود تارکین وطن کو ’ ڈریمرز‘ کی ہی حیثیت حاصل رہے گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے جارج بش اور اوباما کے برعکس میکسیکو کے حوالے سے سخت رویہ اپنا رکھا ہے اوران صدور کی پالیسی جیسے ’ ڈاکا‘ اور ’ نافٹا‘ کو معطل کرنے کا بھی عندیہ دیا ہے جب کہ اس سے قبل ٹرمپ وسطی امریکی ملک ہانڈور کی امداد بھی بند کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں اور امریکا کی تجارتی پالیسی کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے چین کے ساتھ کاروباری سرگرمیوں کو محدود کرنے کا بھی فیصلہ کرچکے ہیں۔