میکسیکو میں فوجی ہیلی کاپٹر گرنے سے 13 افراد ہلاک

Mexico Military - Helicopter Falling

Mexico Military – Helicopter Falling

اوکساکا (جیوڈیسک) میکسیکو میں جمعے کے روز ریاست اوکساکا کے زلزلے سے متاثرہ علاقے کا دورہ کرنے والے ایک فوجی ہیلی کاپٹر کے گرنے سے 13 افراد ہلاک ہو گئے۔

ہیلی کاپٹر پر میکسیکو کے وزیر داخلہ الفونزو راویٹے پریڈا اور اوکساکا کے گورنر الجانڈرو موراٹ بھی سوار تھے ۔ وہ دونوں زخمی ہونے والے ایک درجن افراد میں شامل ہیں۔

ریاست کے اٹارنی جنرل کے دفتر کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ان دونوں کو معمولی زخم آئے ہیں۔

اسی بیان میں کہا گیا ہے کہ 12 افراد حادثے کے وقت ہلاک ہوئے جب کہ 13 واں شخص اسپتال میں دم توڑ گیا۔

میکسیکو کے صدر اانریک پینا نیٹو نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایک بیان جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ہیلی کاپٹر اتر رہا تھا۔

صدر کے ٹویٹ میں ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی ہے۔

امریکہ کے جیولوجیکل سروے نے بتایا کہ زلزلے کی شدت 7 اعشاریہ 2 تھی اور اس کا مرکز ریاست اوکسا کا کے بحرالکاہل کے ساحلی علاقے اور ریاست گوریرو کی سرحد کے قریب تھا۔

ریاست کے عہدے داروں نے بتایا کہ زلزلے سے کچھ عمارتوں کو نقصان پہنچا اور تقریباً 10 لاکھ گھروں اور کاروباروں کی بجلی جاتی رہی۔