مشرق وسطی کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے پر مذاکرات بے نتیجہ، بان کی مون کی امریکہ پر تنقید

Ban Ki-Moon

Ban Ki-Moon

نیو یارک (جیوڈیسک) امریکہ، کینیڈا اور برطانیہ نے اس منصوبے کو مسترد کر دیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کو جوہری ہتھیاروں سے پاک خطہ بنا دیا جانا چاہیے۔ یوں مذاکرات بے نتیجہ ثابت ہوئے۔اسرائیل نے خیر مقدم کیا ہے، بان کی مون نے امریکہ پر تنقید کی ہے۔

ڈیڑھ سو ممالک کے مندوبین نے ایک ماہ تک جاری رہنے والے ان مذاکرات میں شرکت کی۔ اس مذاکراتی عمل کے دوران ایٹمی عدم پھیلاؤ (این پی ٹی) نامی معاہدے کے تحت آئندہ پانچ سال تک کی حکمت عملی تیار کی جانا تھی۔ اس معاہدے کا بنیادی مقصد جوہری ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی کو پھیلنے سے روکنا ہے۔

تاہم اس معاہدے کے رکن ممالک اس میٹنگ میں مطلوبہ اہداف کے حصول کے لیے مستقبل کے لائحہ عمل پر متفق ہونے میں ناکام ہو گئے۔اس کانفرنس میں شریک امریکی، برطانوی اور کینیڈین مندوبین نے اس مذاکراتی عمل کی ناکامی کے لیے مصر اور عرب ممالک کو قصور وار قرار دیا ہے جبکہ مصر نے اس کی ذمہ داری امریکہ پر عائد کی ہے۔

ایک مغربی سفارتکار نے اپنا نام ظاہر کئے بغیر بتایا ’’مصر نے اس کانفرنس کو سبوتاژ کر دیا ہے۔‘‘ اس کانفرنس میں اسرائیل نے بھی شرکت کی۔ اگرچہ اسرائیل این پی ٹی کا رکن ملک نہیں ہے لیکن اس نے بطور مبصر اس کانفرنس میں حصہ لیا۔ اس دوران اسرائیل نے بھی مصر اور عرب ممالک کی طرف سے پیش کردہ اس بارے میں منصوبے کو مسترد کر دیا کہ مشرق وسطیٰ کو جوہری ہتھیاروں سے پاک قرار دیا جانا چاہیے۔

کانفرنس میں شریک غیر وابستہ تحریک کے رکن ملک ایران نے تجویز پیش کی کہ حتمی مسودے کی تیاری کے لیے وقفہ کیا جائے تاکہ رکن ممالک مزید مشاورت سے آپس کے اختلافات دور کرنے کی کوشش کریں لیکن اس کے باوجود بھی اجلاس میں اتفاق رائے نہ ہو سکا۔