فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع پر جیالوں کے تحفظات برقرار

Pakistan Parliament

Pakistan Parliament

اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت اور تحریک انصاف سمیت تمام جماعتوں نے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی نوید سنا دی مگر پیپلز پارٹی نے اس کی تردید کر کے کنفیوژن پیدا کر دی۔

پیپلز پارٹی آج قومی اسمبلی میں اپنا ترمیمی مسودہ پیش کرے گی ۔ فوجی عدالتوں کا معاملہ معمہ بن گیا ، تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں کے اتفاق رائے کے بیانات سامنے آئے لیکن پیپلز پارٹی نے تردید کر دی ۔ اسحاق ڈار کا آج قومی اسمبلی میں قانونی مسودہ پیش کرنے کا اعلان۔

وزیر خزانہ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا کو بتایا کہ پیپلز پارٹی فوجی عدالتوں کی مدت میں دو سال کی توسیع پر متفق ہے ، سیشن جج اور ایڈیشنل سیشن جج کو فوجی عدالتوں میں بٹھانے کے مطالبے سے بھی دستبردار ہوگئی ہے ، قانون شہادت لاگو کیا جائے گا ، ملزم کو اپیل کرنے کا حق ملے گا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آئین اور آرمی ایکٹ میں ترمیم کے بلوں کی فائنل ڈرافٹنگ کے بعد آج قومی اسمبلی میں پیش ہوں گے ۔ اس سے پہلے تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی نے بھی یہی خوشخبری سنائی۔

پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن اور فرحت اللہ بابر نے اتفاق رائے کی تردید کر کے معاملہ الجھا دیا۔