فوج کے ملکی سرحدوں سے باہر کردار پر چین کی جاپان کو تنبیہ

Military

Military

بیجنگ (جیوڈیسک) چین نے جاپان کو تنبیہ کی کہ جاپانی فوج کے ملکی سرحدوں سے باہر کردار سے متعلق متنازعہ قانون کی منظوری کے بعد جاپان علاقائی امن کو خطرے میں ڈالنے سے اجتناب کرے۔

چین کا کہنا ہے کہ جاپان اپنی فوج کے بیرونِ ملک کردار میں توسیع کے قانون کی منظوری سے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔ چینی وزارت دفاع نے جاپانی پارلیمان میں مذکورہ قانون کی منظوری کے بعد کہا کہ جاپان کو تاریخ سے بڑا سبق سیکھنا چاہیے۔

واضح رہے گزشتہ روز جاپانی پارلیمان نے دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کے تقریباً 70 برس کے بعد پہلی مرتبہ فوج کو ملک سے باہر لڑنے کی اجازت دینے کے لیے قانون کی منظوری دی تھی۔

جاپان کی حزب اختلاف اس بل کی مخالفت کر رہی تھی جس کی وجہ سے اس قانون پر رائے شماری میں بھی تاخیر ہوئی تاہم اپوزیشن اپنی تمام کوششوں کے باوجود اس بل کو روکنے میں ناکام رہی۔ بل کی حمایت میں 148 ارکان نے ووٹ دیا جبکہ مخالفت میں 90 ووٹ پڑے۔