فوج نے دہشتگردی و کرپشن کے خاتمے کا عزم کرلیا ہے ‘ امیر پٹی

Ameer Patti

Ameer Patti

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کرپشن اور دہشتگردوں و جرائم پیشہ عناصر کی مالی معاونت کیخلاف افواج پاکستان کے عزم اور رینجرز کی کاروائی کے علاوہ دبئی سے گرفتار ہونے والے گینگسٹر کے انکشافات اور افواج پاکستان کیخلاف بیان کے بعد سیاسی تنہائی کا شکار ہونے والوں کی جانب سے محکمہ جنگلات سندھ کی 9 ہزار ایکڑ اراضی پاکستان آرمی کے شہید اہلکاروں کو الاٹ کرنے کے فیصلے کو سیاسی رشوت قرار دیتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے چیئرمین امیر پٹی نے کہا کہ افواج پاکستان نے وطن عزیز سے دہشتگردی ‘ بد امنی اور کرپشن کے خاتمے کا عزم کرلیا ہے۔

اسلئے اب کسی قسم کا سیاسی دباو یا رشوت اس کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتی اور پاک فوج جلد دہشتگردوں و دہشتگردی کے خاتمے کے ساتھ ‘ دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے مالی ‘اخلاقی اور سیاسی معاونت کاروں ‘ کرپشن میں ملوث سفید ہاتھیوں و کالی بھیڑوں اور قبضہ مافیا کو قانون کے دائرے میں لاکر کیفر کردار تک پہنچاکر ہی رہے گی کیونکہ اپنے اس مشن و مقصد کیلئے افواج پاکستان کو پوری قوم کی حمایت و تعاون حاصل ہے۔

او ر قوم کو یقین ہے کہ افواج پاکستان پورے ملک میں بلا تفریق و تخصیص غیر جانبدارانہ کاروائی کے ذریعے کرپشن ‘ دہشتگردی ‘ جرائم ‘اختیارات سے تجاوز ‘ قومی و عوامی استحصال اور سرکاری ونجی اراضی پر قبضے کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گی جبکہ اس مشن و مقصد میں محب وطن روشن پاکستان پارٹی ہر قدم افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔