105 ملین قومی شناختی کارڈز کی تصدیق نا ممکن ہے : سابق چیئرمین نادرا

Tariq Malik

Tariq Malik

اسلام آباد (جیوڈیسک) نادرا کے سابق چیئرمین طارق ملک نے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی جانب سے 105 ملین کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈز کی ازسرنو تصدیق کی مہم پر سوالات اٹھائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ مشق نہ صرف ناممکن اور غیر حقیقی ہے بلکہ اسکے نتیجے میں پاکستانی اپنی قومی شناخت کے بحران سے دو چار ہیں کیونکہ وزیر داخلہ نے انکے قومی شناختی کارڈز کے حوالے سے سوال اٹھائے ہیں۔

واشنگٹن سے دی نیشن کے ساتھ انٹرویو میں انہوں نے جعلی شناختی کارڈز کے حوالے سے وزیر داخلہ کے حالیہ دعوئوں کے حوالے سے بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بتائیں کہ چودھری نثار نے 2013 ء میں ہزاروں لاکھوں اسلحہ لائسنسوں کی تصدیق کی بات کی تھی مگر کئی بار توسیع دینے کے باوجود کام مکمل نہ ہوسکا، اب نادرا 105 ملین سے زائد کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈز کی تصدیق کیسے کریگی۔