سانحہ منیٰ، شہید پاکستانی حجاج کرام کی تعداد 93 ہو گئی

Mina Stampede

Mina Stampede

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ سانحہ منیٰ میں شہید پاکستانی حجاج کرام کی تعداد 93 ہو گئی، سرکاری سکیم کے تحت چار جبکہ پرائیویٹ حج سکیم کے تحت جانے والے دس اور سعودی عرب میں مقیم نو پاکستانی بھی سانحہ کے بعد لاپتہ ہیں۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق سانحہ منیٰ میں سرکاری سکیم کے تحت جانے والے 4 اور پرائیویٹ حج سکیم کے تحت حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے والے 10 پاکستانی حجاج لاپتہ ہیں۔

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم 9 پاکستانی بھی سانحہ کے بعد تاحال لاپتہ ہیں۔ 16 لاپتہ پاکستانیوں کی تصدیق تاحال نہیں ہو سکی ، اگر کسی شہید کے لواحقین میت لانے کے لیے درخواست دیں گے تو میت سرکاری خرچ پر پاکستان لائی جائے گی۔

وزیر مذہبی امور سردار یوسف کا کہنا ہے کہ اس وقت کل 43 پاکستانی حجاج لاپتہ ہیں۔ میتوں کی واپسی کے لیے صرف تین درخواستیں موصول ہوئیں۔ خاندان اور حلقے کے لوگوں کو نوازنے سے متعلق سردار یوسف نے کہا کہ وہ ان الزامات کی انکوائری کر کے حقائق سامنے رکھیں گے۔