میر زوہیر علی گلوکاری کے شعبے میں گراں قدر اضافہ ہیں۔ یاور مہدی

Karachi Press Club

Karachi Press Club

کراچی : نوجوان گلوکار اور انتہائی سریلی آواز کے مالک میر زوہیر علی کی اولین آڈیو سی ڈی’’اے وطن‘‘ کی رسم ِ اجراء او رپریس کانفرنس کراچی پریس کلب میں منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز بروڈ کاسٹر اور آرٹس کاونسل آف پاکستان کراچی کے سابق اعزازی سیکریٹری یاور مہدی نے کہا کہ بلا شبہ فن اللہ کی دین ہے اور زوہیر علی نے اللہ کی اس دین کو خوبصورتی سے استعمال کیا ہے، ان کی آواز کانوں میں رس گھولتی ہے۔ یقیناً گلوکاری کے شعبے میں یہ ایک گراں قدر اضافہ ہے۔

کلاسیکل گھرانہ سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافہ فنکار استاد مظہر عمراؤ بندو خان نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ آج کل کے نوجوان گلوکار پوپ سنگنگ اور شوخ و چنچل گانوں کی طرف رجھان رکھتے ہیں مگر میر زوہیر علی نے اس روش کو توڑ کر آنے والے نوجوان فنکاروں کو ایک نئی راہ دکھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زوہیر علی نے بہت مختصر عرصہ میں اپنی جگہ بنائی ہے جو انکی کامیابی ہے۔ نوجوان شاعر، ادیب، کمپیئر اور محقق ندیم ہاشمی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمرشلزم کے اس دور میں جب کہ ہر شخص اپنے مالی مفادات کو مقدم رکھتا ہے۔

اس کے برعکس میر زوہیر علی نے جو جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہیں اپنی اولینی آڈیو سی ڈی کا اجراء کرتے وقت قومی اور ملی وحدت کو ترجیح دی اور اپنے کیریئر کا آغاز وطنِ عزیز کے لئے گائے ہوئے پرجوش قومی و ملی نغموں سے کیا۔سی ڈی کی ایک اور خاص بات ان کا حسن ِانتخاب بھی ہے۔ یاد رہے کہ میر زوہیر علی پاکستان کے پہلے آرٹسٹ ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز یعنی اپناdebutقومی اور ملی نغموں سے کیا۔ مزید برآں وہ پاکستان کے تیسرے آرٹسٹ ہیں جن کی آڈیو سی ڈی مکمل طور پر قومی و ملی نغمات پر مشتمل ہے۔

اس آڈیو سی ڈی میں پاکستان کے نامور ترین فنکاروں کے گائے ہوئے قومی نغمات کو شامل کیا گیا ہے بغیر کسی تبدیلی کے بلکہ یوں کہا جائے کہ اسے re-arrangeکیا گیا ہے تو بے جا نہ ہوگا۔ استاد مہدی حسن خان صاحب، استاد امانت علی خان صاحب، محمد ابراہیم، میڈم نور جہاں اور میڈم نسیم بیگم نے وطنِ عزیز کے لئے محبت اور اخوت کے جو نظرانے پیش کئے میر زوہیر علی نے انہیں اسی انداز میں گا کر جذبۂ حب الوطنی کی یاد تازہ کر دی۔ اس سے قبل تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام ِ پاک سے ہوا۔

استاد مظہر عمراؤ بندو خان نے یہ سعادت حاصل کی جن دیگر حضرات نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ان میں سینئر صحافی راشد نور، اسکالر ڈاکٹر حسن رضا، میوزک ڈائریکٹر علی رضا، معروف سماجی شخصیت زیڈ ایچ خرم ،پاکستان پیٹریاٹک لائبریری کے بانی ابصار احمد اور ممتاز ماہر ِ تعلیم خالد شاہ و دیگر شامل تھے۔ پریس بریفنگ کے دوران سوال جواب کا سیشن بھی رہا ۔میر زوہیر علی نے شرکاء کے مختلف سوالوں کے جواب بھی دیئے۔

آخر میں زوہیر علی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور تمام حاضرین محفل میں اپنی آڈیو سی ڈی تحفتاً تقسیم کی۔ تقریب میں میر زوہیر علی، مشتاق بھٹی، خالد شاہ، آفتاب احمد خان، یاور مہدی، مظہر عمراؤ بندو خان، زیڈ ایچ خرم، ڈاکٹر رضا، علی رضا اور دیگر حضرات نے خصوصی طور پر شرکت کی۔