مشن جی ٹی روڈ ! نواز شریف آج صبح پنجاب ہاؤس سے لاہور روانہ ہوں گے

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی لاہور روانگی، انتظامات مکمل، ضلعی انتظامیہ نے بھی ریلی کی اجازت دیدی ہے۔

سابق وزیر اعظم آج صبح 9 بجے کے درمیان پنجاب ہاؤس سے روانہ ہوں گے۔ ریلی کا پہلا پڑاؤ ڈی چوک ہو گا، پھر جناح ایونیو سے ہوتی ہوئی زیرو پوائنٹ اور پھر راولپنڈی میں داخل ہونے کے لیے جڑواں شہروں کے سنگم فیض آباد پہنچے گی۔

ریلی مری روڈ سے گزرتی ہوئی ضلع کچہری پہنچے گی اور پھر براستہ جی ٹی روڈ لاہور کا سفر شروع ہو گا۔ اسلام آباد سے ضلع کچری تک تمام راستوں کو خیر مقدمی بینرز اور نواز شریف کی تصاویر سے سجا دیا گیا ہے۔

نواز شریف ریلی کے دوران ڈی چوک، کچہری چوک، راولپنڈی، جہلم، گجرات اور گجرانوالہ میں کارکنوں سے خطاب کریں گے۔۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے منظور شدہ روٹ کے مطابق سیکیورٹی پلان تیار کر لیا ہے۔ 6 ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکار تعینات ہون گے جبکہ روٹ کے اردگرد کا علاقہ سیل ہو گا۔

عوام کو ٹریفک کیلئے متبادل راستے دئیے جائیں گے۔ نواز شریف بلٹ پروف گاڑی میں سفر کریں گے۔ سابق وزیر اعظم کو کہا گیا ہے کہ گاڑی کے اندر بیٹھ کر ہی خطاب کریں۔ گورڈن کالج، روات، گوجر خان سمیت ضلع کے 10 کالجز میں”ہیلی پیڈ ” بھی قائم کر دئیے گئے ہیں۔