منعم ظفر خان کی پی آئی اے مظاہرین پر وحشیانہ تشدد کی مذمت

PIA Demonstrator

PIA Demonstrator

کراچی : امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان نے پی آئی اے نجکاری کے خلاف ہونے والے مظاہرے پر فائرنگ اور وحشیانہ تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجکاری کے خلاف ملازمین کا احتجاج ان کا جمہوری حق ہے، احتجاجی مظاہرین پر فائرنگ کے نتیجے میں ملازمین کے جاں بحق ہونے کے واقعہ نے آمرانہ دور کی یاد تازی کردی ہے۔

لازمی سروسز ایکٹ کا نفاذ آمرانہ اقدام ہے، حکومت تشدد کے ذریعے مزدوروں کی آواز کو نہیں دبا سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پی آئی اے کی نجکاری کا فیصلہ واپس لے، حکومت کے الیکٹرک اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کی نجکاری سے سبق سیکھے، یہ ادارے نجکاری کے بعد بدترین مسائل سے دوچار ہیں، مظاہرین پر تشدد سے واضح ہوگیا ہے کہ حکومت اپنا ہوش و حواس کھو بیٹھی ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے اور بات چیت کے ذریعے مسائل کو حل کرے۔ منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ مزدوروں کے لئے آواز بلند کی ہے۔

پی آئی اے ملازمین کی جدوجہد میں جماعت اسلامی ان کے قدم بقدم ساتھ رہے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ احتجاجی مظاہرے پر فائرنگ سے جانی نقصان کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کے لئے عدالتی کمیشن قائم اور واقعہ میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔۔