ماڈل ٹاؤن جیسے واقعات پر چپ رہے تو ایسے ظلم ہوتے رہیں گے، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

جڑانوالہ (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسے ظلم کے خلاف چپ رہے تو ایسے واقعات ہوتے رہیں گے، 14 افراد کے قاتل شہباز شریف اور نواز شریف کو جیل بھیجنے تک ان کا پیچھا کریں گے۔

جڑانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جو کچھ ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسیطینیوں کے ساتھ کیا وہ قابل مذمت ہے، امریکا کی جانب سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے سے ثابت ہو گیا کہ کوئی اقوام متحدہ مظلوم کی مدد کرنے نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ بوسنیا میں بھی دو لاکھ مسلمان مارے گئے لیکن کسی نے بھی مدد نہیں کی۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ ہمارے پاس ایک طاقتور فوج ہے، کم از کم ہارے اوپر کوئی اس طرح ظلم نہیں کر سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا دل کہتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے جو کیا ہے اس کی وجہ سے ساری دنیا کے مسلمان متحد ہو جائیں گے۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ 3 سال پہلے ماڈل ٹاؤن میں 14 لوگوں کو شہید کیا گیا اور 80 لوگوں کو گولیاں ماری گئیں، جب ایک قوم ظلم اور ظالم کے سامنے نہیں کھڑی ہوتی تو اُس پر ظلم بڑھ جاتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ طاہرالقادری سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کے لیے باہر نکلیں ہم ان کا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے شہباز شریف کو ڈرامہ شریف، اور شوباز شریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب تک یہ ڈرامے کر کے بچتے رہے ہیں، لیکن اللہ کا ایک نظام ہے کہ ہر فرعون کو جواب دینا پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رانا ثناء صرف قاتل نہیں بلکہ وہ شکل سے بھی قاتل لگتا ہے، انہیں پنجابی فلموں میں بڑی آسانی سے ولن کا رول مل سکتا ہے، سارے پاکستانیوں کے ساتھ مل کر شہباز شریف اور نواز شریف کو جیل پہنچائیں گے۔

چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے پہلی مرتبہ پولیس کے ذریعے لوگوں کو قتل نہیں کروایا، بلکہ یہ پہلے بھی لوگوں کو پولیس کے ذریعے قتل کرواتے رہیں ہیں اور ہمیشہ بچ جاتے تھے، لیکن شہباز شریف اب نہیں بچ سکتے کیونکہ ان کے مقابلے میں وہ شخص کھڑا ہے جس کی کوئی قیمت نہیں ہے، اسے کوئی خرید نہیں سکتا، دونوں بھائیوں کو جیل میں پہنچانے تک ان کا مقابلہ کروں گا۔

عمران خان نے کہا کہ آج سے 50 سال پہلے پاکستان کو پورے بر صغیر میں سب سے خوشحال ملک سمجھا جاتا تھا، لیکن ہم اس لیے پیچھے رہ گئے کہ کرپشن دیمک کی طرح اس ملک کو چاٹ لیا۔ انہوں نے کہا کہ جو پیسہ تعلیم، اسپتالوں، نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے اور پینے کے لیے صاف پانی فراہم کرنے کے لیے لگایا جانا تھا وہ پیسہ ایک چھوٹا سا ٹولہ کھا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ وہ نواز شریف ایک نظریے کا نام ہے، وہ نظریہ یہ ہے کہ الیکشن میں دھاندلی کرو، اور پھر برسراقتدار آ کر میٹرو اور اورنج لائن کی طرح بڑے بڑے منصوبوں کے ذریعے کمیشن بناؤ اور پیسہ باہر بجھواؤ۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے اداروں میں اپنے لوگ بٹھا کر اداروں کو تباہ کر دیا لیکن ہم یہ میچ پاکستان کو جیت کر دکھائیں گے اور پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنائیں گے۔