مودی سرکارجنگی جنون کی پالیسی سے باز رہے: ترجمان متحدہ طلبا محاذ

Ahsan Naqvi

Ahsan Naqvi

لاہور (پ ر) متحدہ طلبا محاذ کے ترجمان احسن نقوی نے لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کی سندھ طاس معاہدے کو منسوخ کرکے پاکستان کے دریائے راوی، ستلج اور بیاس کا پانی بند کرنے سے متعلق دھمکیوں کو کھوکھلا بیان قرار دے کر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی پاکستان کے خلاف بیانات دے کر بھارتی عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں۔احسن نقوی نے مزید کہا کہ بھارت میں اتنا دم خم نہیں کہ پاکستان کی جوابی کارروائی کی تاب لاسکے۔ پاکستان امن پسند ملک ہے اور امن کو ترجیح دیتا ہے۔

لیکن اگر کوئی جنگ مسلط کرنے کی غلطی کرے گا تو اس کی نسلیں بھی پاکستان کے جواب کو یاد رکھیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مودی سرکارجنگی جنون کی پالیسی سے باز رہے ورنہ پاکستان کی پوری قوم جو کہ دشمن کے مقابلے میں سیسہ پلائی دیوار کی طرح جم کر کھڑی ہے پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اور ملک عزیز کے نوجوان وطن کے دفاع کے لئے ہروقت آمادہ و تیار ہیں ۔ترجمان متحدہ طلباء محاذ نے برما کی موجودہ صورتحال پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برما میں جاری ظلم انسانیت کی تزلیل اور ہیومن رائٹس کے علمبرداروں کے منہ پر تمانچہ ہے۔

برما میں مسلسل انسانیت کی توہین و تزلیل پر اقوام عالم کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ہیومن رائٹس کا دم بھرنے والے یو این او او آئی سی کی خاموشی ناقابل فہم ہے انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہر ظالم کے مخالف اور مظلوم کے حامی ہیں میانمار اپنی سرزمین سے اقلیتی روہنگیا مسلمانوں کی نسل ختم کرنا چاہتا ہے جس کے لئے مسلح افواج روہنگیا افراد کا قتل کرتی رہی ہیں جس سے بڑی تعداد میں روہینگیا ہمسایہ ملک بنگلہ دیش ہجرت کر گئے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ مرکزی صدر متحدہ طلباء محاذکی جانب سے آئندہ دو روز میں اس حوالے سے تمام طلباء تنظیموں کااجلاس طلب کیا ہے۔