محمد حفیظ بائولنگ ٹیسٹ میں ناکام، ایک سال کی پابندی کا سامنا

Mohammad Hafeez

Mohammad Hafeez

لاہور (جیوڈیسک) کرکٹ کے میدان سے پاکستان کیلئے ایک بری خبر ، پاکستان کے سٹار آل راؤنڈر محمد حفیظ اپنا باؤلنگ ایکشن کیلئر کروانے میں ناکام ہو گئے آئی سی سی نے قومی پلیئر کی باؤلنگ پر ایک سال کی پابندی عائد کر دی۔

34 سالہ قومی آل راؤنڈر محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن دورہ سری لنکا کے دوران پہلے ٹیسٹ میچ میں جیت کے بعد رپورٹ ہوا۔ آئی سی سی نے 15 روز کے اندر کرکٹر کو باؤلنگ ایکشن چیک کروانے کی ہدایت کی۔ گرین شرٹس کے آل راؤنڈر 6 جولائی کو اپنا ایکشن چیک کروانے بھارتی شہر چنائی پہنچے۔

باؤلنگ ایکشن چیک ہونے کے بعد 17 جولائی کو ان کی رپورٹ جاری کر دی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ سٹار کرکٹر کا بازو باؤلنگ کے دوران 15 ڈگری سے زیادہ خم کھاتا ہے اور قوانین کے مطابق ان کا باؤلنگ ایکشن قانونی تقاضے پورا نہیں کرتا۔

باؤلنگ ایکشن کی رپورٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے آئی سی سی نے محمد حفیظ پرایک سال تک عالمی کرکٹ میں باؤلنگ کروانے پر پابندی عائد کر دی ہے جو کہ قومی ٹیم کیلئے ایک بڑا دھچکا ہے۔