مہمند ایجنسی، تحصیل خویزئی آٹا سٹیڈیم میں ایم این اے مہمند کی تعاؤن سے سپورٹس گالا اختتام پذیر

Sports Gala

Sports Gala

مہمند ایجنسی (سعید بادشاہ سے) مہمند ایجنسی، تحصیل خویزئی آٹا سٹیڈیم میں ایم این اے مہمند کی تعاؤن سے سپورٹس گالا اختتام پذیر۔ کرکٹ میں بوم بوم کلب، والی بال میں غازی بیگ کلب اور رسہ کشی میں باچا خویزئی کلب فاتح قرار پائے۔ ایجنسی سپورٹس منیجر سعید اختر اور ایم این اے بلال رحمان کے نمائندے حاجی زاہد خان نے انعامی رقم اور سپورٹس سامان تقسیم کیا۔

تفصیلات کے مطابق مہمند ایجنسی تحصیل خویزئی کے آٹا سپورٹس سٹیڈیم میں مہمند ایجنسی سے ممبر قومی اسمبلی ملک بلال رحمان کے تعاؤن سے سپورٹس گالا کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں کرکٹ، والی بال اور رسہ کشی کے مقابلے دس روز تک جاری رہے۔ کرکٹ ٹورنامنٹ میں 32 ٹیموں نے حصہ لیا۔ فائنل میچ بوم بوم کلب اور سٹار الیون کے درمیان کھیلا گیا۔ ٹیم بوم بوم کلب نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ آٹھ اوورز میں 77 رنز سکور کئے جس کے جواب میں سٹار الیون صرف 65 رنز بنا سکی۔ اور یوں بوم بوم کلب فاتح قرار پایا۔

اسی طرح والی بال مقابلوں میں تحصیل خویزئی اور حلیمزئی کے 14 ٹیموں نے حصہ لیا۔ جس میں بلال کلب آٹا بازار اور غازی بیگ کلب نے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ فیصلہ کن میچ میں غازی بیگ کلب نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بلال کلب کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ رسہ کشی مقابلے میں باچا ٹیم نے ناقابل شکست رہتے ہوئے فائنل جیت لیا۔ تقسیم انعامات تقریب میں ایجنسی سپورٹس منیجر اور ایم این اے بلال رحمن کے نمائندہ خصوصی حاجی زاہد خان نے کھلاڑیوں میں نقد انعامات، ٹرافیاں اور سپورٹس سامان تقسیم کیا۔