محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن ملک بھر میں منایا گیا

Milad un Nabi

Milad un Nabi

اسلام آباد (جیوڈیسک) محسن انسانیت، رحمت اللعالمین، حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کا جشن ملک بھر میں منایا گیا۔

گلی گلی، کوچہ کوچہ ذکر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے گونج اٹھا، ملک بھر میں جلوس نکالے گئے، میلاد کی محفلیں منعقد کی گئیں، فضا درود پاک کی مہک سے معطر ہے۔

جن کی خاطر یہ عالم بنایا،اپنے گھر جن کو رب نے بلایا،جنہوں نے پوری انسانیت کو امن وسلامتی کا مقدس اور جامع ترین پیغام پہنچایا اور جو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجے گئے، آج اُنہی کا جشنِ ولادت منایا جا رہا ہے، ہر طرف مرحبا یا مصطفیٰ کی دھوم ہے، ہر سو صلی علیٰ کے ترانے ہیں۔

ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی بھی فجر سے عشا تک عقیدتوں اور محبتوں سے بھرپور سرگرمیوں کا مرکز بنا رہا۔

اس جشن کو پوری شان سے منانے کیلئے شہر کے گلی کوچے، مساجد، عمارتیں،،شاہراہیں اور چوراہے کئی روز پہلے ہی سجادیئے گئے تھے، آقائے دو جہاں کے جشنِ ولادت کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی، نعتوں، درودوسلام اور سیرتِ پاک کے تذکرے کی مبارک محفلوں سے ہوا۔

نماز ظہر کے بعد سنی تحریک کا مرکزی جلوس مرکز اہلسنت سے برآمد ہوا اور روایتی راستوں سے گزرکر نمائش چورنگی پر اختتام پذیر ہوا۔

جماعت اہلسنت کا مرکزی جلوس کورنگی سے نکلا، جس میں مردوں کے ساتھ خواتین اور بچے بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے، اس دوران نذر و نیاز اور لنگر بانٹنے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

دعوت اسلامی، جے یوپی، اے این آئی، اے ٹی آئی اور دیگر مذہبی و سماجی تنظیموں کی جانب سے بھی جلوس نکالے گئے، اس کے علاوہ مختلف مقامات پر سیرت کانفرنس، میلاد اور قوالیوں کی محفلوں کا اہتمام بھی کیا گیا۔

شام ڈھلتے ہی شہر کا چراغاں لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا اور چوراہوں اور شاہراہوں پر لگائے گئے مقدس مقامات کے نمونے شہریوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

ملک بھر کی طرح لاہورمیں بھی حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی ولادتِ باسعادت کا دن نہایت عقیدت و احترام اورمذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا، چھوٹے بڑے سبھی نے نبی آخرالزماںﷺ سے عقیدتوں اور محبتوں کااظہاراپنےاپنےانداز میں کیا۔

لاہور میں جشن میلاد النبی ﷺ کا آغاز نماز فجر کے بعد محفوظ شہید گیریژن میں اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا،اس موقع پر فوجی جوانوں نے اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے ۔

لاہورمیں عید میلاد النبی کا مرکزی جلوس ریلوےاسٹیشن سے شروع ہو کر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا داتا دربار پہنچ کرختم ہوگیا، شرکاء نعت خوانی اور درود وسلام پیش کرتے رہے ،روایتی گھڑ ڈانس،باکسنگ،جوڈ و کراٹے اور رسہ کشی کا مظاہر ہ بھی کیا گیا ۔

شرکاء کاکہناتھا کہ انسانیت خاتم النبین حضرت محمدمصطفیٰ ﷺ کے اسوۂ حسنہ اور پیغام سےہمیشہ ہمیشہ رہنمائی پاتی رہے گی، میلادالنبی کی خوشی میں بچے بھی پیش پیش رہے، خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے ماڈلز اور سجاوٹ کے دیگر سامان بھی اپنی بہار دکھاتے رہے،شام کو چراغاں ہوا اور لاہور شہر برقی قمقموں سے جگمگا اٹھا،عمارتیں، مسجدیں، گھر، گلی، محلے سب روشنیوں میں نہائے ہوئے ہیں۔

اس موقع پر لوگوں کا عقیدت کا ایک الگ انداز دیکھنے میں آیا، نذر ونیاز کے حوالے سے مختلف علاقوں میں بریانی، پلاؤ، حلوہ پوری، زردے اور دیگر کھانوں کی خوشبو فضا میں پھیلی ہوئی ہے،درودپاک اور محافلِ نعت کا انعقاد بھی کیا گیا۔

کوئٹہ میں عیدمیلاد النبیﷺ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا، جلوس اور جلسوں کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر بچے بھی خوب سج دھج کر شریک ہوئے۔

کوئٹہ میں ہرطرف سبز رنگ کی بہاریں دیکھنے میں آئیں، آج کی مناسبت سے نکلنے والے جلوسوں میں نوجوانوں اور بڑوں کے ساتھ ننھے منے بچے بھی شریک ہوئے، سبز، سفید اور نئے نئےکپڑے پہنے، پیارے پیارے بچے سر پر ٹوپیاں سجائے ذوق و شوق سےجلوسوں میں شریک تھے۔

جلوسوں میں موجود بچیوں نے نعت رسولﷺ پڑھ کر سرور کونین سے اپنی محبت کا اظہار بھی کیا،جلوس میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ عید میلاد النبی ﷺکی تقریبات میں ننھے منے بچوں کی شرکت خوش آئند ہے، اس سے بچوں کی سرکار دو عالم ﷺ سے محبت اور بھی گہری ہوگی۔

پشاور میں جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم منانے کےلیے جلوسوں، محافل نعت اورنذرو نیاز تقسیم کرنے کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔

پشاور کے نواحی علاقے وڈپگہ میں عید میلاد کا جلوس نکالا گیا، شہر بھر میں عاشقان رسول نے سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور گلہائے عقیدت پیش کئے، محفل میلاد میں شریک بچوں نے خوبصورت لباس زیب تن کر رکھے تھے۔

دن بھر نذر و نیاز کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری رہا، عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر پشاور میں نجی و سرکاری عمارتوں اور مرکزی جلوس کی گزر گاہوں کو چراغاں کر کے انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا ۔

اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد، سرگودھا، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، آزاد کشمیرمظفر آباد، حیدرآباد، نوابشاہ، سکھر، لاڑکانہ سمیت ملک بھر میں شہر شہر، بستی بستی، قریہ قریہ عاشقان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم نے میلاد النبی کا جشن منایا ، اس موقع پر جلوس نکالے گئے، محافل نعت منعقد کی گئیں، لنگر تقسیم کیے گئے، گھر گھر اور گلی گلی چراغاں کیا گیا۔