منی لانڈرنگ کیس کی ملزمہ ایان علی کی رہائی کا پروانہ جاری

Ayaan Ali

Ayaan Ali

راولپنڈی (جیوڈیسک) راولپنڈی کی بینکنگ کورٹ کے جج صابر سلطان نے کرنسی سمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کی رہائی کا پروانہ جاری کر دیا ۔ عدالتی روبکار ملنے کے بعد ماڈل گرل کو رہا کیا جائے گا۔

خرم لطیف کھوسہ کی سربراہی میں ایان علی کی لیگل ٹیم راولپنڈی کی بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئی ، وکلاء نے عدالتی حکم پر پانچ پانچ لاکھ روپے کے دو ضمانتی مچلکے عدالت میں جمع کرائے۔ بینکنگ کورٹ کے جج صابر سلطان نے ضمانتی مچلکوں کا جائزہ لینے کے بعد ضامنوں کو پیش کرنے کا حکم دیا جس کے بعد ایان علی کے ضمانتی محمد نواز اور شوکت بھٹی عدالت میں پیش ہوئے۔

فاضل جج کے استفسار پر ضامن شوکت بھٹی نے بتایا انہوں نے ایان علی کی ضمانت دی ہے ۔ عدالت نے سوال کیا کہ ایان علی کہاں کی رہائشی ہیں جس پر شوکت بھٹی نے کہا کہ وہ گوجر خان کی رہائشی ہیں۔ جج صابر سلطان نے ریمارکس دیئے کہ عدالتی ریکارڈ میں ایان علی کا پتہ کراچی کا درج ہے ، آپ کرائے کے ضامن تو نہیں ، خرم لطیف کھوسہ نے استدعا کی کہ ایان علی کو فوری رہا کیا جائے جس پر فاضل جج کا کہنا تھا کہ روبکار پر دستخط کر دیئے ہیں۔

جیل انتظامیہ کو موصول ہونے کے بعد ملزمہ کو رہا کر دیا جائے گا۔ دوسری جانب ایان علی کا بھائی ذوالفقار اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔ روبکار ملنے کے بعد اڈیالہ جیل انتظامیہ ایان علی کو اس کے بھائی کے حوالے کریں گے۔