منی لانڈرنگ کیس، ایان علی کیس کی سماعت ایک روز کیلئے ملتوی

Ayaan Ali

Ayaan Ali

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے کرنسی سمگلنگ کیس کی ملزمہ ماڈل ایان علی پر کسٹم کلیکٹر کی جانب سے 5 کروڑ روپے جرمانہ عائد کرنے کے فیصلے پر حکم امتناع برقرار رکھتے ہوئے سماعت ایک روز کے لیے ملتوی کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ نے کرنسی سمگلنگ کیس کی ملزمہ ایان علی کی درخواست پر سماعت کی جس میں کسٹم کلیکٹر کی جانب سے 5 کروڑ روپے جرمانہ عائد کرنے کے حکم کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کسٹم کلیکٹر نے انہیں سنے بغیر یکطرفہ کارروائی کرتے ہوئے جرمانہ عائد کیا۔

جرمانے سے متعلق کسٹم کلیکٹر کے فیصلے کا علم الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا سےہوا ۔ دوران سماعت ایان علی کے وکیل لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ مصروفیات کے باعث پیش نہ ہوسکے ۔ عدالت نے جرمانے کے خلاف درخواست پر حکم امتناع برقرار رکھتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔