ایک ماہ کے دوران روئی کی قیمت میں 450 روپے من اضافہ

Cotton

Cotton

کراچی (جیوڈیسک) ملک میں ایک ماہ کے دوران روئی کی فی من قیمت میں 450 روپے کا نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

مئی کے مقابلے میں روئی کے بھاؤ 5 ہزار روپے سے 5 ہزار 450 روپے فی من ریکارڈ کیے گئے۔ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کے عہدیداران کے مطابق ملک کے مختلف شہروں سے حاصل تفصیلات کے مطابق ڈومیسٹک ٹرانزیکشن کے تحت روئی کی نئی فصل برائے 2014-15 کی 2 ہزار 600 گانٹھوں کے سودے 5 ہزار روپے سے 5 ہزار 450 روپے فی من پر بند ہوئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یکم جون کو ڈلیور کی جانے والی گولارچی کی روئی کی 200 گانٹھوں کے سودے سب سے کم بھاؤ 5 ہزار روپے فی من رہے۔ کوٹری کی روئی کی 200 گانٹھوں کے سودے سب سے کم بھاؤ 5 ہزار 150 روپے فی من رہے جبکہ سانگھڑ کی روئی کی 200 گانٹھوں کے سودے 5ہزار 200 روپے فی من پر بند ہوئے۔

ایسوسی ایشن نے بتایا کہ خان پور کی روئی کی 2 ہزار گانٹھوں کے سودے سب سے زیادہ ریٹس 5 ہزار 450 روپے فی من رہے۔

ادھر روئی کے آفیشل اسپاٹ ریٹس برائے 37.324 کلو گرام اور 40 کلوگرام کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ گزشتہ ہفتے کے دوران روئی کی فصل 2014-15 کے آفیشل اسپاٹ ریٹس برائے 37.324 کلو گرام کے نرخ گزشتہ کاروباری روز کے بھاؤ 5 ہزار 400 روپے اور 40کلوگرام کے ریٹس 5 ہزار 787روپے پر برقرار رہے۔

اسی طرح 37.324 کلوگرام کے بھاؤ 150 روپے اندرون ملک اخراجات کے ساتھ 5 ہزار 550 روپے اور 40 کلو گرام کے ریٹس 160روپے اندرون ملک اخراجات کے ساتھ 5 ہزار 947 روپے پر بند ہوئے۔