ائمہ مساجد دین اسلام کی ترجمانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، مفتی محمد نعیم

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ ائمہ مساجد دین اسلام کے ترجمانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں ،علماء کرام اپنے منصب کے مطابق معاشرے کو درست سمت میں چلانے میں کردار ادا کریں ، فحاشی عریانی اور دیگر مہلک اخلاقی خرابیوں سے نسل نو کو بچانے کیلئے درس قرآن وحدیث اور اصلاحی مجالس کا انعقاد کریں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے علماء کرام کو انبیاء کا وارث قرار دیاہے۔

جامعہ بنوریہ عالمیہ کے ترجمان کے مطابق پیر کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں وفاق المساجد کے تحت ائمہ کرام کا اجلاس ہوا جس میں شہر بھر کے 90 سے زائد مساجد کے خطباء کرام نے شرکت کی اس موقع پر اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ علماء منبر و محراب کی آواز اور کارکردگی کو مزید مؤثر بنائیں تاکہ طاغوت کی ہمہ جہت یلغار کے آگے دیوا ر کھڑی کرسکیں اور عوام الناس کی حالات حاضرہ کے تناظر میں صحیح اور معیاری راہنمائی کریں یہ وقت کا اہم اور ضروری تقاضا ہے جو کہ منبر رسول کی وساطت سے ہی ممکن ہے،انہوں نے کہاکہ علماء کرام معاشرے کو درست سمت چلانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ملک وملت کیخلاف سازشوں کے سدباب اور دین کے حوالے سے درست آگہی کے حوالے سے علماء کرام اپنے فرائض کی انجام دہی پر توجہ دیں اور فرقہ واریت کے عنصر کو مکمل طور پر مسترد کردیں۔

انہوں نے کہاکہ عوام الناس کو مسلکی مسائل اور نعروں میں الجھانے کے بجائے دو ٹوک دینی احکام ومسائل پیش کیے جائیں اور مساجد میں درس قرآن و حدیث کا اہتمام کریں تاکہ معاشرے کی اصلاح کا فریضہ بخوبی انجام پائے، انہوں نے کہاکہ درس قرآن و حدیث کے ساتھ مختصراً (جس کادورانیہ چاریا پانچ منٹ ہو)فقہ کے اہم مسائل جیسے ابتدائی طور پر ارکانِ خمسہ (طہارت ،نماز،زکوٰۃ،روزہ ، اور حج)کے ضروری مسائل کو بیان کیاجائے۔