ماں کی ممتا سے محروم عبداللہ کی عدالت میں باپ سے ملاقات

Abdullah

Abdullah

کراچی (جیوڈیسک) ماں کی ممتا سے محروم ننھے عبداللہ کی عید ایدھی سینٹر میں ہی گذرے گی، کراچی سٹی کورٹ میں عبداللہ کی اس کے والد سے دوسری ملاقات کرائی گئی ، چوہدری اقبال کہتے ہیں ملاقات اچھی رہی ، بچے سے بات کرنے کی کوشش کی ، تیسری ملاقات سولہ جولائی کو ہو گی۔

عدالت کے حکم پر عبداللہ سے اس کےوالد چوہدری اقبال کی سٹی کورٹ کراچی میں ملاقات کرائی گئی ۔ ایدھی سینٹر کی خادمہ بچے کو لیکر عدالت آئی، ملاقات کے دوران عبداللہ باپ کے پاس نہیں گیا اور نہ ہی چوہدری اقبال نے بچے کو پیار کرنے یا گود میں لینے کی کوشش کی ۔ چوہدری اقبال کمرہ عدالت کے ایک طرف اورعبداللہ دوسری طرف بیٹھا مسلسل روتا رہا ۔ ملاقات کا وقت ختم ہونے تک بچہ باپ سے مانوس نہیں ہوا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری اقبال نے کہا کہ ملاقات اچھی رہی ، عبداللہ سے بات کرنے کی کوشش کی مگر اس نے بات نہیں کی ۔ چوہدری اقبال کے وکیل نے بتایا کہ عبداللہ آہستہ آہستہ اپنے والد سے مانوس ہو رہا ہے ، 16 جولائی کو دوبارہ ملاقات رکھی گئی ہے۔

عدالت نے چوہدری اقبال سے کہا کہ بچے کو مانوس کرنے کے لئے باپ کو اس کے قریب جانا ہو گا۔