موٹر سائیکل ‘کیش ‘موبائل چھیننے اور مویشی چوری میں ملوث گاما گینگ کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتار

DPO Jahangzeeb

DPO Jahangzeeb

خانیوال (نوید اشرف کمبوہ) موٹر سائیکل ‘کیش ‘موبائل چھیننے اور مویشی چوری میں ملوث گاما گینگ کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتار۔لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد ‘ملزمان کے زیر استعمال اسلحہ برآمد اور مقدمات درج۔

اس ضمن میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال جہانزیب نذیر خان نے صحافیوں سے گزشتہ روز ملاقات کے دوران بتایا کہ گاما گینگ کے ارکان کافی عرصہ سے کچا کھوہ اور گردونواح میں اپنی کریمنل سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے تھے جس کا انہوں نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او کچا کھوہ انسپکٹر رانا فاروق کو دفتر طلب کرکے گاما گینگ کی گرفتاری اور مال مسروقہ کی برآمدگی کا ٹاسک دیتے ہوئے کچھ ضروری گائیڈ لائن دیں۔

ایس ایچ او کچا کھو ہ تھانہ کے قابل جونیئر پولیس افسران او رملازمان پر مشتمل ٹیم تشکیل دے کر گینگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے شبانہ روز محنت اور بہترین انفارمیشن ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزمان میں غلام محمد عرف گاما ولد ماسٹر مختار قوم ہراج سکنہ 5-9Rسرغنہ اور اس کا ساتھی ندیم حسن عرف فہیم ولد محمد فاروق قوم ہراج سکنہ 5-9Rشامل ہیں ۔ملزمان نے دوران انٹروگیشن موٹرسائیکل ‘کیش ‘موبائل اور مویشی چوری کی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ۔ملزمان سے چھینے گئے چار موٹرسائیکل ‘نقدی ‘موبائل اور مویشی مالیتی 5لاکھ 75ہزار روپے برآمد کرلیے گئے ہیں جبکہ ملزمان کے زیر استعمال اسلحہ ایک رائفل 44بور’ایک پسٹل30بور اور درجنوں گولیاں برآمد کرکے ناجائز اسلحہ رکھنے پر مقدمات کا اندراج کرلیا گیا ہے۔

ڈی پی او نے بتایا کہ ملزمان سے انٹروگیشن جاری ہے جس سے مزید برآمدگی کی توقع ہے ۔ملزمان کی گرفتاری پر اہل علاقہ نے ڈی پی او خانیوال اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ڈی پی او جہانزیب نذیر خان نے گینگ کی گرفتاری پر مامور ٹیم کو نقد انعام اور تعریفی سر ٹیفکیٹ دئیے جانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔