فلم ہوٹل پاکستان میں نیا ٹرینڈ سیٹ کرے گی، میرا

Meera

Meera

لاہور (جیوڈیسک) اداکارہ میرا نے اپنی نئی فلم ’’ہوٹل ‘‘ کی کامیابی کے لیے بھرپور تشہیری مہم شروع کردی۔ ایک طرف فلم کی کامیابی کے لیے منت مان لی تو دوسری جانب سب سے زیادہ فلم کی ٹکٹیں خریدنے والی فیملی کے ساتھ فلم دیکھنے اور ڈنر پر ساتھ جانے کی پیشکش بھی کرڈالی۔

منفرد موضوع پربننے والی فلم کوپڑوسی ملک بھارت میں ایوارڈ سے نوازا گیا جس کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے معروف ادارے آئی ایم جی سی نے فلم کوبھرپورانداز سے یکم اپریل سے ملک بھرمیں عام نمائش کے لیے پیش کرنے کی ذمے داری اٹھالی ہے۔ اداکارہ میرانے فلم کی تشہیری مہم اوراس کی ریلیز سے اپنے کیرئیر پر پڑنے والے اثرات بارے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ منفرد موضوع پر بننے والی فلم’’ہوٹل‘‘مکمل کمرشل فلم ہے، یہ فلم پاکستان میں نیا ٹرینڈ سیٹ کریگی انھوں نے کہا کہ میں نے اپنے فنی سفرکے دوران بہت سی کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہردکھائے ہیں۔

بہت سے مقبول فلمی گیت پرمجھ پر فلمبند ہوئے اورتمام باصلاحیت ڈائریکٹرز کے ساتھ عمدہ کام کیا۔ لیکن جہاں تک بات ’’ہوٹل‘‘ کی ہے تویہ ہر لحاظ سے ایک الگ فلم ہے۔ اس کوآرٹ فلم کہا جارہا ہے جوکہ درست نہیں ہے۔

یہ ہرلحاظ سے ایک مکمل کمرشل فلم ہے۔ اس میں مراکش سے تعلق رکھنے والی خوبصورت حسینہ وائم دھامنی پرایک آئٹم نمبر فلمبند کیا گیا ہے جب کہ بقیہ گیت بھی فلم کی کہانی کے مطابق عکسبند ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے پڑوسی ملک بھارت میں کسی بھی پاکستانی کا ایوارڈ جیتنا کوئی آسان بات نہیں ہے۔ مگرمیری فلم ’’ہوٹل‘‘ کو جب ’دہلی فلم فیسٹیول‘ میں نمائش کے لیے بھجوایا گیا تواس کوبہت پذیرائی ملی۔

یہی وجہ ہے کہ مجھے اس فلم سے بہترین اداکارہ کاایوارڈ ملا جب کہ فیسٹیول کی بہترین فلم کا ایوارڈ’ ہوٹل‘ نے جیتا۔ ایک سوال کے جواب میں اداکارہ میرا نے کہا کہ گزشتہ دو برس کے دوران پاکستان میں بہترین فلمیں سینما گھروں کی زینت بنی ہیں۔ ایسے میں ’ہوٹل‘ بھی ایک بہترین اضافہ ثابت ہوگی۔ اس فلم سے مجھے بہت توقعات وابستہ ہیں۔ کیونکہ ہمارے فلم بین اچھی اورمعیاری فلمیں دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں ، اسی لیے جو فیملیز زیادہ سے زیادہ سینما کا رخ کریں گی ، میں ان کے ساتھ فلم دیکھنے کے علاوہ ان کے ساتھ ڈنربھی کروں گی۔