فلم “مالک” کی نمائش پر پابندی، پنجاب حکومت نے جواب داخل کرا دیا

Maalik

Maalik

لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ میں پاکستانی فلم مالک پر پابندی کے خلاف درخواستوں کیس سماعت، پنجاب حکومت نے فلم کی نمائش پر پابندی نہیں لگائی، سرکاری وکیل نے جواب جمع کروا دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید اور مقامی شہری منیر احمد کی ایک ہی نوعیت کی الگ الگ درخواستوں پر سماعت کی۔

کارروائی کے دوران درخواست گزار کے وکلاء اظہر صدیق اور شیراز ذکاء نے قانونی نکتہ اٹھایا کہ اٹھارہویں ترمیم کی منظوری کے بعد وفاقی حکومت کو فلموں کی نمائش پر پابندی لگانے کا کوئی قانونی اختیار حاصل نہیں ہے۔

وکلاء نے بتایا کہ فلم میں کوئی ایسی چیز نہیں دکھائی دی جس سے معاشرے میں انتشار پیدا ہو۔ وکلاء نے استدعا کی کہ فلم پر عائد پابندی کو کالعدم قرار دیا جائے۔ دوران سماعت پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سمیعہ خالد پیش ہوئیں۔

سرکاری وکیل نے تحریری جواب جمع کرواتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے فلم کی نمائش پر کوئی پابندی نہیں لگائی، عدالت نے پنجاب حکومت کا جواب آنے کے بعد وفاقی حکومت کے وکیل کو فوری طلب کر لیا۔