فلموں میں کام کرنا چاہتی ہوں لیکن اپنی حدود پار نہیں کر سکتی، نیلم منیر

Neelam Munir

Neelam Munir

لاہور (جیوڈیسک) معروف اداکارہ نیلم منیر نے کہا ہے کہ مجھے بالی ووڈ کے دو معروف فلم ساز اداروں کی جانب سے فلموں میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی تھی لیکن فلم میں بولڈ مناظر کی وجہ سے میں نے کام کرنے سے معذرت کرلی۔

فلموں میں کام کرنا چاہتی ہوں لیکن اپنی حدود کو پار کرنے کا کبھی نہیں سوچ سکتی۔ پاکستان میں فلمسازی کا عمل تیز ہورہا ہے اور بہترین فلمیں اب سینما گھروں کی زینت بن رہی ہیں، اس لیے اپنے ملک میں بننے والی فلم میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاؤں گی۔

انھوں نے کہا کہ بالی ووڈ میں ہمارے بہت سے معروف فنکارکام کرچکے ہیں اور بہت سے کام کرنے کے لیے جارہے ہیں، لیکن میں نے ہمیشہ وہی کام کیا ہے جو میرے مزاج کے مطابق ہو۔ میں بالی ووڈ کی چکاچوند دیکھ کر ایسا کوئی کام نہیں کرسکتی جس سے میرے وطن کی بدنامی ہو۔ اس لیے میں نے بالی ووڈ فلموں میں کام کرنے سے معذرت کی تھی لیکن اس کا یہ قطعی مطلب نہیں ہے کہ میں فلموں میں کام کرنے کے مخالف ہوں۔

اس وقت پاکستان فلم انڈسٹری کا دوسرا جنم ہورہا ہے جہاں جدید طرز کے سینما گھر ملک بھرمیں بن رہے ہیں، وہیں جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ فلمیں بھی بنائی جارہی ہیں۔ اس لیے کوئی اچھا کردار آفرہوا تو ضرور کام کروں گی۔ انھوں نے کہا کہ میری پہچان ٹی وی سے ہے اورٹی وی ڈراموں میں بہترین کام کرتے ہوئے آج کامیابی کی منازل طے کررہی ہوں۔ پڑھے لکھے ڈائریکٹر اور پروڈیوسروں کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا جا رہا ہے۔

اچھوتے موضوعات پر بننے والے ڈراموں میں اداکارانہ صلاحیتیں دکھانے کا خوب موقع ملتا ہے، اس لیے کام کے ساتھ ساتھ اداکاری کی باریکیوں کوجان رہی ہوں۔ یہ واقعی ہی بہت مشکل کام ہے، دیکھنے میں اداکاری جتنی آسان لگتی ہے، اتنی آسان نہیں ہے۔ کیمرے کی آنکھ میں آنکھ ڈال کربات کرنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔