ایم کیو ایم کے معاملے پر 10 دن میں سب سامنے آ جائے گا: خورشید شاہ

Khursheed Shah

Khursheed Shah

سکھر (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اپنے قائد سےلاتعلقی کا اظہار کر چکی ہے کہ ان کا دماغ اور صحت صحیح طریقے سےکام نہیں کررہا ہے اس لیے آٹھ دس دن انتظار کرنا چاہیئے کیونکہ اس میں تمام چیزیں سامنے آجائیں گی ۔

سکھر کے علاقے گلشن اقبال کالونی میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستارچلا رہے ہیں اورہمیں اس بات کو ماننا چاہیئے ۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ گیم کر رہا ہے اور اس گیم کا جواب میڈیا کو دینا چاہیئے ، ہم جب بھی کشمیرکامسئلہ اٹھاتے ہیں تو کبھی کراچی کی صورت میں تو کبھی برہمداغ کی صورت میں مسائل پیدا کیے جا تے ہیں ۔ کشمیرہماری شہہ رگ ہے اور اس پر ہماراموقف ایک ہی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ سکھر کے نکاسی آب کا بڑامسئلہ ہے اس کو حل کرنے کے لیے اسے چار حصوں میں تقسیم کرنا پڑے گا جس پر تین سے چار ارب روپے لگیں گے اور اس کے لیے جلد وزیر اعلیٰ سندھ سے بات کی جا ئے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ سکھرمیں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں ۔

خورشید شاہ نے اس موقع پر علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور ہدایات جاری کیں کہ ان منصوبوں میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔

یاد رہے کہ دو دن قبل گلشن اقبال کالونی میں ہونے والے ترقیاتی کام مین ناقص مٹیریل استعمال ہونے پر علاقہ مکینوں نے احتجاجاً کام بند کروا دیا تھا۔