کسی کے پاس متحدہ پر الزامات کے ثبوت ہیں تو پیش کریں: چودھری نثار

 Chaudhry Nisar Ali Khan

Chaudhry Nisar Ali Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا متحدہ کے حوالے سے چند دن میں بہت شور و غل سنا ہے۔ ایف آئی کی کمیٹی نے سرفراز مرچنٹ کو تفتیش کے لئے بلایا ہے۔ کمیٹی نے سرفراز مرچنٹ کو نوٹس جاری کیے ہیں اور سرفراز مرچنٹ نے جو کچھ کہا تھا اس پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا تینوں ایشوز پر سرفراز مرچنٹ سے بات کی جائے گی۔ منی لانڈرنگ ،’’ را‘‘ کیساتھ تعلقات ، قانون شکنی کے حوالے سے کوئی ثبوت ہیں تو کمیٹی سے رابطہ کرے۔ انٹیلی ایجنسیز، حکومت سندھ کو بھی ثبوتوں کو کمیٹی سے شیئر کرنے کا کہا ہے۔

شواہد کے بغیر سیاسی جماعت کو کالعدم قرار نہیں دیا جا سکتا۔ حقائق ہوئے تو جوڈیشل کمیشن بھی بنے گا۔ سرفراز مرچنٹ کو پاکستان آ کر تفتیش میں شامل ہونا چاہیے۔ سرفراز مرچنٹ نے اگر آنے سے انکار کیا تو برطانوی حکومت سے درخواست کریں گے۔ جن پر الزامات لگائے گئے وہ برطانیہ ہیں۔ کیس کو آگے لیکر جائیں گے۔ سرفراز مرچنٹ سے ایف آئی اے کا ان ڈائریکٹ رابطہ ہوا ہے۔

سرفراز مرچنٹ اپنے وکلا سے پاکستان آنے کے لیے مشاورت کر رہے ہیں۔ چودھری نثار نے کہا یہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے ایسے کیسز ہوا میں نہیں بنتے سیاسی بیانات ، پریس کانفرنس سے ایسے کیسز کو منطقی انجام تک نہیں پہنچایا جاتا۔ بیانات دینے والوں کو علم نہیں کہ منی لانڈرنگ کیس لندن میں چل رہا ہے۔ چیخنے والے اس وقت کیوں نہیں چیختے تھے جب پیپلز پارٹی کیساتھ یہ اتحادی تھے۔ بہت بڑے تجزیہ کار بہت سے الزامات لگا رہے ہیں۔ عمران فاروق کیس ، منی لانڈرنگ کیس ہماری حکومت نے شروع کیا۔

چودھری نثار نے کہا عمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے تحقیقات میں برطانوی حکومت پیچھے رہ گئی ہم آگے ہیں۔ واضح رہے ایف آئی اے نے سرفراز مرچنٹ کے بیان کے بعد شواہد جمع کرانے کے لئے اخبارات میں اشتہار شائع کیا ہے۔

سرفراز مرچنٹ نے ایم کیو ایم قائد اور دیگر رہنماوں پر راء سے رابطوں کے حوالے سے بیان دیا تھا ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون کی جانب سے شائع کرائے گئے اشتہار مین کہا گیا ہے کہ اگر کسی کے پاس شواہد ہیں تو وہ ایف آئی اے سے رابطہ کریں۔ ایف آئی اے کی جانب سے پہلی بار شواہد جمع کرنے کے لئے اشتہار شائع کروایا گیا ہے۔