ایم کیو ایم پاکستان اور پی ایس پی کا تحریری معاہدہ منظر عام پر آ گیا

MQM and PSP

MQM and PSP

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے مشترکہ پریس کانفرنس سے پہلے ہونے والے تحریری معاہدے کی کاپی جیو نیوز نے حاصل کر لی ہے۔

جیو نیوز کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان اور پی ایس پی کے درمیان ہونے والا معاہدہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے تحریر کیا۔

معاہدے میں دونوں جماعتوں نے عدم تصادم اور عدم تشدد کی پالیسی پر متحد ہونے اور شہر کے وسیع تر مفادات میں مینڈیٹ کی تقسیم کو روکنے کا ذکر بھی کیا گیا۔

اس کے علاوہ دونوں جماعتوں نے ایک نشان اور ایک منشور کے تحت آئندہ انتخابات میں حصہ لینے پر بھی اتفاق کیا جب کہ آئندہ کا لائحہ عمل باہمی مشاورت سے طے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

خیال رہے کہ تین روز قبل ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں نے کراچی پریس کلب میں میڈیا نمائندوں کے سامنے ایک منشور اور ایک نشان کے تحت آئندہ الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا۔

تاہم اگلے ہی روز ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے واضح طور پر کہا کہ ہم کسی جماعت میں ضم نہیں ہو رہے اور پتنگ کے نشان پر ہی الیکشن میں حصہ لیں گے۔