محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات میں کسی لمحہ تعطل نہیں آنا چاہیے

Divisional Commissioner- Momin Aga

Divisional Commissioner- Momin Aga

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے اہم اور مرکزی جلوسوں میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات میں کسی لمحہ تعطل نہیں آنا چاہیے اور کنٹرول رومز کے ذریعے جلوسوں کی ہر زاویے سے مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے یہ یدایت جھنگ سٹی میں ساتویں محرم الحرام کے اہم جلوس کے روٹس پر سیکیورٹی اقدامات اور کنٹرول روم میں مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کی۔آر پی او بلال صدیق کمیانہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈی سی اوغازی امان اللہ’ ڈی پی او ہمایوں مسعود سندھو’ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد اویس ملک ،اسسٹنٹ کمشنرزمہر شفقت اﷲ مشتاق ‘شاہد عباس جوئیہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈویژنل کمشنر نے محرم روٹس پر حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے ضلعی وپولیس انتظامیہ کو جلوسوں کی حفاظتی نقطہ نظر سے کڑی نگرانی کرنے اور ہمہ وقت فیلڈ میں رہ کر سیکیورٹی سٹاف کو چوکس رکھنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے عزاداری جلوس ومجالس کے موقع پر تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کی موجودگی اور مذہبی رواداری کو سراہتے ہوئے کہا کہ محرم کے حساس ایام میں بھائی چارے’فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اتحاد واتفاق کی اشد ضرورت ہے جس کی بدولت محرم سیکیورٹی پلان کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکتا ہے۔کمشنر اور آرپی او نے تھانہ جھنگ سٹی میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے محرم جلوسوں ومجالس کی براہ راست مانیٹرنگ کو باریک بینی سے چیک کیا اور ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کو چوکس انداز میں فرائض انجام دینے کی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس اداروں اور میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ کوآرڈی نیشن کو مزیدمربوط بنائیں اور انکی طرف سے فراہم کردہ اطلاعات پر فوری ایکشن لیا جائے۔آرپی اوبلال صدیق کمیانہ نے پولیس افسران کو سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مشکوک افراد پر گہری نظر رکھی جائے۔ڈی سی او نے بتایا کہ کنٹرول روم کے ذریعے محرم جلوسوں کی مانیٹرنگ کے ساتھ ساتھ جلوسوں کے راستوں کو ہمہ وقت کلیئر رکھا گیا ہے ۔بعدازاں کمشنر مومن آغا اور آرپی او بلال صدیق کمیانہ نے ڈی سی او آفس میں محرم الحرام انتظامات کے بارے میں میٹنگ بھی کی۔